ویانا: آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف طلبہ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طلبہ نے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف آواز بلند کی اور مذہبی آزادی مساوات اور عدم امتیاز کے مطالبات پیش کیے۔رپورٹس کے مطابق مظاہرے کا آغاز دوپہر 12 بجے ویانا کے (Platz der Menschenrechte) سے ہوا۔ احتجاجی ریلی شہر کے مرکزی علاقوں سے گزری، جبکہ منتظمین اور طلبہ نے حجاب پر پابندی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مظاہرے کے باعث شہر کے بعض مرکزی راستوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔آسٹریا میں یکم ستمبر 2026ء سے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لیے اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی نافذ ہوئی تھی۔مختلف حلقوں کی جانب سے اس قانون کے خلاف مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ اس کی آئینی حیثیت کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی عائدویانا میں ہونے والا یہ احتجاج آسٹریا میں حجاب پر پابندی کے معاملے پر جاری بحث اور اختلافات کی اہم کڑی ہے۔ اس معاملے پر آئندہ عدالتی پیش رفت بھی اہمیت کی حامل ہوگی۔