نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر انڈیا اتحاد کا احتجاج جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور انڈیا اتحاد کے دیگر ارکان پارلیمنٹ راج گھاٹ پہنچے، جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ احتجاج کا یہ تیسرا دن ہے اور اپوزیشن نے پُرامن طریقے سے احتجاج کرتے ہوئے عوام کے مسائل اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے گاندھی جی کی سمادھی پر جا کر دعا کی کہ مودی حکومت کو سدبُدھی آئے اور وہ ’ووٹ چوری‘ بند کرے۔ کھڑگے نے کہا کہ ’ووٹ چوری‘ کرنے والوں کو استعفیٰ دینا چاہیے اور عوام کے ووٹ کے حق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔کانگریس رہنما رنجیت رنجن نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے ملک کو عدم تشدد کا سبق سکھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ حکومت کو اس کی پالیسیوں کے بارے میں بتائے۔ رنجیت رنجن نے الزام لگایا کہ حکومت نے آزاد اداروں کو کٹھ پتلی بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق اپوزیشن گیانیش کمار سے ملاقات کرنا چاہتی ہے، لیکن اسے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔کانگریس رہنما راگنی نائک نے کہا کہ گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا ہوگا اور جن 13 کروڑ شہریوں کے نام ووٹر لسٹ سے مبینہ طور پر غلطی سے حذف ہوئے، ان کے نام دوبارہ شامل کیے جانے چاہئیں۔سی پی آئی (ایم) رہنما وی شیو داسن نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے تمام اپوزیشن ارکان راج گھاٹ پہنچے، دعا کی اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور گیانیش کمار کو سدبُدھی ملنے کی دعا کی گئی ہے۔ پون کھیڑا نے بتایا کہ اپوزیشن جمعہ کو راشٹرپتی بھون بھی جائے گی۔کانگریس رکن پارلیمنٹ منیکم ٹیگور نے کہا کہ انڈیا اتحاد گزشتہ تین دن سے دہلی کی سڑکوں پر ہے۔ انہوں نے گیانیش کمار کے استعفے کو اپوزیشن کا واضح مطالبہ قرار دیا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے گیانیش کمار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا، جبکہ راجیو شکلا نے کہا کہ پولیس فورس کی تعیناتی کے باوجود احتجاج جاری رہے گا۔تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ یہ صرف کانگریس یا انڈیا اتحاد کا نہیں بلکہ غریب عوام کا احتجاج ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ چرنجیت سنگھ چنی نے ووٹ حذف کیے جانے اور مشینوں میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کی بات کہی۔کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے کہا کہ گیانیش کمار جتنے زیادہ عرصے تک عہدے پر رہیں گے، الیکشن کمیشن پر عام لوگوں کا اعتماد اتنا ہی کم ہوتا جائے گا، جو جمہوریت کے لیے اچھا نہیں ہے۔