طیارے کا دروازہ کھولنے، فلائٹ اٹینڈنٹ کو کاٹنے پر ہالی ووڈ اداکارہ سلما بلیئر کی گرفتاری

Wait 5 sec.

نیویارک: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ سلما بلیئر کو نیویارک میں ڈیلٹا ایئر لائنز کی ایک پرواز میں مبینہ پُر تشدد واقعے کے بعد گرفتار کیا گیا، تاہم انھیں اس مقدمے میں 20 ہزار ڈالر نقد پر ضمانت مل گئی ہے۔یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی نے گزشتہ روز بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 54 سالہ اداکارہ سلما بلیئر نے اتوار 11 اکتوبر کو دوران پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، اور فلائٹ اٹینڈنٹ کو دانتوں سے کاٹا، جس پر رات تقریباً 11 بجے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ اترتے ہی اداکارہ کو گرفتار کیا گیا۔پورٹ اتھارٹی کے مطابق، سلما بلیئر کو گرفتار کرنے کے بعد طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ زخمی ہونے کی اطلاع دینے والے دو فلائٹ اٹینڈنٹس میں سے ایک کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق، سلما پر کوئنز کی فوجداری عدالت میں دوسرے درجے کے حملے کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں، ایف بی آئی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔سلما پر لگے الزامات اور اُن کو لاحق بیماریسلما بلیئر پر دورانِ پرواز فلائٹ اٹینڈنٹ پر تشدد، سیکیورٹی اہلکار کو لات مارنے اور ایک فلائٹ اٹینڈنٹ پر حملے کے الزامات ہیں۔ انھوں نے لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز کے دوران طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش بھی کی۔ عملے کی جانب سے روکے جانے پر سلما نے ایک فلائٹ اٹینڈنٹ کو مکا مارا اور دوسری کو دانتوں سے کاٹ لیا۔واضح رہے کہ سلما بلیئر میں 2018 میں ایک سے زیادہ اقسام کے عصبی غلافوں کو متاثر کرنے والی بیماری، ملٹی پل اسکلروسیس (Multiple Sclerosis) کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ مرکزی اعصابی نظام کو متاثر کرنے والا ایک دائمی اور بتدریج بڑھنے والا خودکار مدافعتی عارضہ ہے۔ اس تشخیص کے بعد سے وہ اس بیماری کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے کھل کر آواز اٹھاتی رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق فلائٹ اٹینڈنٹس کو آنے والے زخموں میں ناک سے خون بہنا اور کاٹنے کے نشانات شامل تھے۔ بلیئر کے لیے بھی طبی امداد طلب کی گئی تھی، جن کے بارے میں بتایا گیا کہ انھوں نے اپنا سر طیارے کی اندرونی دیوار سے دے مارا تھا، انھوں نے اسپتال میں بھی ایک نرس پر حملہ کیا۔یہ دوسرا موقع ہے جب بلیئر دوران پرواز طیارے میں کسی واقعے میں ملوث ہوئی ہیں۔ 2016 میں پرواز کے دوران شدید بے چینی اور اشتعال انگیز رویے کے مظاہرے کے بعد انھیں لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسٹریچر کے ذریعے ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز سے اتارا گیا تھا۔