(7 اکتوبر 2026): آپ نے لٹیری دلہن اور دولہے کے قصے پڑھے ہوں گے لیکن ایک خاتون تو سیاسی رہنما کو چکما دے کر شادی کے بعد گھر کا صفایا کر کے فرار ہو گئی۔یہ انوکھا واقعہ پیش آیا بھارت کے پنجاب میں اور اس کا نشانہ بنے عام آدمی پارٹی کے رہنما امرندر سنگھ جس کو ایک خاتون نے ایس ایس پی افسر بن کر ایسا چونا لگایا کہ وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما امرندر سنگھ منڈول جنہوں نے رواں برس فروری میں من وندر کور نامی خاتون سے دھوم دھام سے شادی کی تھی۔ شادی کی ویڈیوز اور تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنی تھیں، لیکن اس شادی کا انجام سیاستدان کی توقعات کے برعکس نکلا۔بھارتی میڈیا کے مطابق امرندر سنگھ نے الزام عائد کیا کہ من وندر کور نے خود کو غیر شادی شدہ اور پی سی ایس افسر ظاہر کر کے محبت کا ڈھونگ رچایا اور شادی کی، جس کے چند ماہ بعد ہی وہ سونا، چاندی اور گھر کا دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئی۔عام آدمی پارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شادی کے بعد معلوم ہوا کہ من وندر کور کی ان سے پہلی شادی نہیں بلکہ وہ طلاق یافتہ ہے اور اس کا ایک 18 سال کا جوان بیٹا بھی ہے۔امرندر سنگھ کی شکایت پر پولیس نے دھوکا دہی اور جعل سازی کے الزام میں خاتون سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں خاتون کے بھائی، والدہ، کزن، بھابی اور سابق گاؤں سرپنچ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات اور نامزد افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔