پینٹاگون نے یو ایف او فائلوں کا دوسرا حصہ جاری کر دیا، غیر معمولی واقعات کے سنسنی خیز انکشافات

Wait 5 sec.

واشنگٹن(23 مئی 2026): امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اڑن طشتریوں اور غیر شناخت شدہ اڑتی ہوئی اشیاء سے متعلق انتہائی خفیہ فائلوں کا دوسرا حصہ پبلک کر دیا ہے۔پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ ان فائلوں میں آگ کے گولوں، چمکتی ہوئی ڈسکز اور بیماریوں سے شفایابی سے متعلق غیر معمولی سبز روشنی کے گولوں کا تذکرہ شامل ہے، جس نے دنیا بھر میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ 222 فائلوں میں عینی شاہدین اور مختلف لوگوں کے حوالہ جات شامل ہیں۔ ان میں سے ایک فائل خصوصی طور پر 116 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں 1948 سے 1950 کے درمیان نیو میکسیکو کی ایک انتہائی خفیہ سرکاری تنصیب میں ہونے والے مشاہدات اور تحقیقات کا تفصیلی ریکارڈ موجود ہے۔اس کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع کی ان دستاویزات میں ملٹری بیسز کے قریب رپورٹ ہونے والے 209 مشاہدات کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔اس اہم پیش رفت پر امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی عوام خود ان تمام حقائق اور مشاہدات کو دیکھیں۔دوسری جانب دفاعی اور سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یو ایف اوز سے متعلق جاری ہونے والی پہلی قسط کی طرح اس دوسرے حصے میں بھی کسی اجنبی ٹیکنالوجی یا خلائی مخلوق (ایلینز) کے وجود کا کوئی حتمی اور ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔