نئی دہلی(23 مئی 2026): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اپنے چار روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ کلکتہ اور نئی دہلی میں اہم سیاسی و سفارتی ملاقاتیں کریں گے۔رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو آج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے، جبکہ ان کی اپنے بھارتی ہم منصب، وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی تفصیلی مذاکرات طے ہیں۔اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی سلامتی اور کواڈ اتحاد کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تعمیری گفتگو متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق کولکتہ میں اپنی مصروفیات کے بعد مارکو روبیو نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ اتوار کے روز ان کے اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے ساتھ باضابطہ مذاکرات طے ہیں۔جبکہ وہ منگل کو بھارت کی میزبانی میں ہونے والے کواڈ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کے شیڈول میں بھارتی شہروں آگرہ اور جے پور کا دورہ بھی شامل ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دورے سے قبل جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ سینئر بھارتی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران توانائی کی سیکیورٹی، تجارت اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔