امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ہندوستان کے دورے پر پہنچ چکے ہیں۔ روبیو کا طیارہ صبح کولکاتہ ایئرپورٹ پر اترا۔ ایئرپورٹ پر ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے ان کا استقبال کیا۔ روبیو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے ساتھ ساتھ کئی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ سرجیو گور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مارکو روبیو کولکاتہ پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ آج بعد میں ہم نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ ہم تجارت، ٹیکنالوجی، دفاع، کواڈ اور کئی دیگر امور پر اگلے چند دنوں میں تبادلہ خیال کریں گے اور پیش رفت کریں گے!‘‘ایک اور پوسٹ میں سرجیو گور نے لکھا کہ ’’مارکو روبیو کا ہندوستان میں استقبال کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے! ہمارے سامنے ایک پرعزم ایجنڈا ہے، جس میں کواڈ وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی شامل ہے، جس کا مقصد امریکی صدر ڈونالڈ جے ٹرمپ کے ہندوستان-امریکہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے وژن کو آگے بڑھانا ہے۔ ہم بہترین بات چیت اور ساتھ مل کر حقیقی پیش رفت کرنے کے لیے پرامید ہیں۔‘‘سرجیو گور نے بتایا کہ ٹرمپ 2.0 کے اہم ترین دوروں میں سے ایک مانے جانے والے اس ہندوستان دورہ پر وزیر خارجہ مارکو روبیو ایک واضح پیغام لے کر آئے ہیں۔ 21ویں صدی میں امریکہ کی کامیابی کے لیے ہندوستان ناگزیر بنا ہوا ہے۔ اسٹریٹجک شراکت داری کا اصل امتحان یہ ہے کہ دونوں فریق اختلافات کو کیسے حل کرتے ہیں اور مشترکہ بنیادوں کو کیسے فروغ دیتے ہیں۔ تجارت، ٹیکنالوجی، اے آئی اور سپلائی چین سے لے کر دفاع اور توانائی تک، واشنگٹن اور نئی دہلی کو الگ رہنے کے مقابلے میں مل کر کام کرنے سے کہیں زیادہ فائدہ ہوگا۔غور طلب ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 4 روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے ہیں۔ وزارت خارجہ نے روبیو کے 4 روزہ ہندوستانی دورے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق مارکو روبیو ہفتے کے روز دوپہر 1:15 منٹ پر دہلی پہنچیں گے۔ دوپہر 2 بجے ان کی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے ہوگی۔ اتوار 24 مئی کو صبح 11:30 بجے وہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں دوطرفہ میٹنگ کریں گے۔ اسی دن شام 6:20 منٹ پر وہ امریکی سفارت خانے میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اگلے دن پیر 25 مئی کو صبح 9 بجے وہ آگرہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر 1 بجے جے پور میں منعقدہ ایک تقریب میں حصہ لیں گے۔اپنے دورے کے آخری دن منگل 26 مئی کو صبح 6:50 منٹ پر امریکی وزیر خارجہ نئی دہلی پہنچیں گے۔ اس کے بعد صبح 8:30 بجے فیملی فوٹو تقریب میں شرکت کریں گے۔ پھر صبح 9 بجے حیدرآباد ہاؤس میں منعقدہ کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں حصہ لیں گے۔ صبح 9:50 منٹ پر پریس اسٹیٹمنٹ جاری کیا جائے گا۔ اس کے بعد صبح 11 بجے مارکو روبیو امریکہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔