نیویارک : دنیا بھر میں ایبولا وائرس کی ایک نئی اور خطرناک قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی ادارے صحت نے دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور تمام انٹری پوائنٹس پر مسافروں کی فوری اور سخت اسکریننگ شروع کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے دنیا بھر میں ایبولا وائرس کی ایک نئی اور انتہائی خطرناک قسم ’’بونڈی بوگیو‘‘ کے تیزی سے پھیلنے پر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اس نئی قسم کے باعث اب تک 223 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں اور اموات کی شرح میں مسلسل اور تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس نے دنیا بھر کے طبی ماہرین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس کی اس نئی اور مہلک قسم کے پھیلاؤ کو روکنا اس وقت عالمی صحت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈبلیو ایچ او نے متاثرہ ممالک اور خطوں میں ہنگامی طبی ٹیمیں اور امدادی سامان روانہ کر دیا ہے تاکہ وبا کو ایک ہی جگہ محدود کیا جا سکے۔وبا کو عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے کے لیے عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کی حکومتوں کو ہنگامی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ڈبلیو ایچ او نے تجویز دی ہے کہ دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور تمام انٹری پوائنٹس پر مسافروں کی فوری اور سخت اسکریننگ شروع کی جائے تاکہ وائرس کو دوسرے ممالک میں منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔