جیف بیزوس کا ایلن مسک کو ٹکر دینے کا خواب چکنا چور! راکٹ دورانِ ٹیسٹ ہی پھٹ گیا۔

Wait 5 sec.

فلوریڈا : جیف بیزوس کی خلائی کمپنی بلیو اوریجن کا راکٹ دورانِ ٹیسٹ لانچ پیڈ پر پھٹ گیا تاہم راکٹ پھٹنے سے کسی خطرے کا سامنا نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیف بیزوس کی خلائی کمپنی ‘بلیو اوریجن’کو اپنی تاریخ کا بدترین سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کا جھٹکا لگا۔امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن پر ٹیسٹنگ کے دوران کمپنی کا سب سے اہم اور ہیوی لفٹ راکٹ ‘نیو گلین’ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے آگ کا ایک بڑا گولا بنا جس کی وجہ سے قریبی مکانات لرز اٹھے۔یہ حادثہ اسپیس لانچ کمپلیکس 36 پر اس وقت پیش آیا جب راکٹ کا ‘اسٹیٹک فائر ٹیسٹ’ جاری تھا، بلیو اوریجن کے حکام نے بتایا کہ ہاٹ فائر ٹیسٹ کے دوران راکٹ میں اچانک کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جو دھماکے کا سبب بنی۔اسپیس فورس حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خوش قسمتی سے تمام عملہ محفوظ ہے اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔یہ ٹیسٹ اگلے ہفتے ہونے والی ایک بڑی کمرشل لانچنگ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا جا رہا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس راکٹ کے ذریعے جیف بیزوس کی دوسری کمپنی ‘ایمیزون’ کے 48 انٹرنیٹ سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجا جانا تھا، خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت راکٹ کے اوپر یہ قیمتی سیٹلائٹس لوڈ نہیں کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے کمپنی اربوں ڈالرز کے اضافی نقصان سے بچ گئی۔حادثے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے جیف بیزوس نے کہا کہ "ابھی تباہی کی اصل وجہ بتانا قبل از وقت ہوگا، لیکن ہماری ٹیموں نے ڈیٹا کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ہم جو کچھ تباہ ہوا ہے اسے دوبارہ بنائیں گے اور جلد ہی پرواز پر واپس آئیں گے۔”دوسری جانب امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے جبکہ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ‘ناسا’ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور چاند پر بھیجے جانے والے مستقبل کے مشنز پر اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔یہ حادثہ بلیو اوریجن کے ‘نیو گلین’ پروگرام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ اسی راکٹ کے ذریعے جیف بیزوس بھاری لانچنگ مارکیٹ میں ایلن مسک کی کمپنی ‘اسپیس ایکس’ کو ٹکر دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ اسی سال اپریل میں بھی اس راکٹ کا ایک مشن ناکام ہوا تھا جب وہ ایک سیٹلائٹ کو اس کے مطلوبہ مدار میں پہنچانے میں ناکام رہا تھا۔