گجرات کے مندرا بندرگاہ کے قریب ہندوستانی ساحلی محافظ اور گجرات اے ٹی ایس نے ایک بڑے مشترکہ آپریشن کو انجام دیا۔ نشیلی اشیا کی اسمگلنگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس آپریشن کے دوران تقریباً 1150 کروڑ روپے قیمت کی 115 کلوگرام کوکین ضبط کی گئی ہے۔ افسران نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ کارروائی سمندری راستے سے ہو رہی ڈرگز اسمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔افسران کے مطابق یہ آپریشن 25 اور 26 مئی کی درمیانی شب کو چلا گیا۔ گجرات اے ٹی ایس کو سمندری راستہ سے نشیلی اشیا کی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ جانکاری ملی تھی، جس کی بنیاد پر ہندوستانی ساحلی محافظ کے ساتھ مل کر کارروائی کا منصوبہ بنایا گیا۔ جانکاری کے مطابق اے ٹی ایس اہلکاروں کو لے کر ہندوستانی ساحلی فوج کی انٹرسیپٹر کشتیوں نے مندرا اینکرج علاقہ میں وسیع تلاشی مہم شروع کی۔ اسی دوران مندرا پورٹ سے تقریباً 5 ناٹیکل میل دور کھڑے ایک کنٹینر جہاز ایم وی یوروپ پر مشتبہ سرگرمیاں دیکھی گئیں۔دی گئی جانکاری کے مطابق تاریکی میں مشترکہ ٹیم نے دیکھا کہ جہاز سے کچھ بیگ سمندر میں پھینکے جا رہے ہیں۔ اس کے فوراً بعد آئی سی جی (انڈین کوسٹ گارڈ) اور اے ٹی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کم مرئیت کے باوجود سمندر سے 5 بیگ برآمد کر لیے۔ جب ان بیگ کی جانچ کی گئی تو ان میں سفید رنگ کا پاؤڈر ملا۔ افسران کے مطابق مجموعی طور پر 115 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا وزن تقریباً ایک ایک کلوگرام تھا۔ ابتدائی جانچ میں اس شئے کی شناخت کوکین کی شکل میں ہوئی۔ برآمد کی گئی مجموعی کوکین کا وزن تقریباً 115 کلوگرام بتایا گیا ہے، جس کی بین الاقوامی بازار میں ممکنہ قیمت تقریباً 1150 کروڑ روپے اندازہ کیا جا رہا ہے۔افسران نے بتایا کہ مشتبہ کنٹینر جہاز کو آگے کی جانچ کے لیے بندرگاہ پر لایا گیا ہے۔ فی الحال ہندوستانی ساحلی محافظ، گجرات اے ٹی ایس اور دیگر ایجنسیاں مل کر پورے نیٹورک کی جانچ کر رہی ہیں، تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ ڈرگز کا ذخیرہ کہاں سے لایا گیا تھا اور اس کے پیچھے کون لوگ شامل ہیں۔ افسران کے مطابق گزشتہ 5 سالوں میں ہندوستانی ساحلی محافظ اور گجرات اے ٹی ایس کے ذریعہ مشترکہ طور سے چلایا گیا یہ 15واں کامیاب اینٹی نارکوٹکس آپریشن ہے۔