پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ اور لدھیانہ کی میئر اندرجیت کور کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ اس دھمکی کے بعد احتیاط کے طور پر لدھیانہ میونسپل کارپوریشن کے دفتر کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے اور پورے شہر میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔پولیس افسران سے موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح میونسپل کارپوریشن کمشنر کے آفیشیل ای میل اکاؤنٹ پر ایک دھمکی آمیز میل آیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے کئی اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔ اس ای میل میں لکھا تھا کہ لدھیانہ کی میئر اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ٹھکانوں پر زوردار دھماکے کیے جائیں گے۔ دھمکی دینے والے نے اس حرکت کو انجام دینے کے لیے باقاعدہ ایک خاص تاریخ اور وقت کا بھی ذکر کیا تھا۔ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر ذرائع کے حوالے شائع شدہ خبر کے مطابق اس ای میل میں کچھ خاص لوگوں اور ایک تنظیم کے نام کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ پولیس اور سائبر ماہرین کی ٹیمیں اس ای میل کی باریکی سے جانچ کر رہی ہیں تاکہ حقیقت کا پتہ لگایا جا سکے۔ بم کی اس خوفناک دھمکی کے ملتے ہی انتظامیہ فوری طور پر ایکشن موڈ میں آ گئی۔ سیکورٹی کے مدنظر میئر کے کیمپ دفتر اور شہر کے تمام حساس علاقوں میں بھاری تعداد میں پولیس فورس اور سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔لدھیانہ پولیس اور خفیہ ایجنسیاں اس دھمکی کی سنگینی کو جانچنے اور ای میل بھیجنے والے کے آئی پی ایڈریس کو ٹریک کرنے میں مصروف ہو گئی ہیں۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ اب تک تحقیقات کے دوران کسی بھی جگہ سے کوئی بھی مشکوک چیز یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا ہے۔ اس کے باوجود انتظامیہ اس پورے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور مکمل چوکسی کے ساتھ چپے چپے پر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔