نیویارک : ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد خام تیل کی قیمتیں7 مئی کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے اور جنگ بندی کی خبریں سامنے آتے ہی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست بریک لگ گیا۔بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد یکدم گر گئی ہیں، جس سے عالمی معیشت بالخصوص پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے والے ممالک کو بڑی راحت ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔برطانوی برینٹ کروڈ کی قیمت میں 5.49 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد قیمت کم ہو کر 97.85 ڈالر فی بیرل پرآگئی۔اسی طرح امریکی خام تیل ‘ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ’ کی قیمت میں بھی 5.64 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی، جس کے بعد امریکی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 91.14 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کم ہونے اور سپلائی لائنز محفوظ ہونے کی توقعات کے باعث مارکیٹ سے غیر یقینی صورتحال کا دباؤ کم ہوا ہے۔تیل کی عالمی منڈی میں دیگر پٹرولیم مصنوعات اور گیس کے نرخ بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہے، متحدہ عرب امارات کا ماربن ابوظہبی کروڈ 102.31 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا ہوا دیکھا گیا، جبکہ توانائی کے شعبے میں نیچرل گیس (قدرتی گیس) کی قیمت 2.8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر برقرار رہی۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اگلے 24 گھنٹوں میں امریکا اور ایران کی جانب سے باقاعدہ امن ڈیل کا اعلان کر دیا جاتا ہے، تو آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتیں 90 ڈالر سے بھی نیچے آ سکتی ہیں، جو مہنگائی سے متاثرہ عالمی مارکیٹ کے لیے ایک مثبت اشارہ ثابت ہوگا۔