فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے سبب ہیٹ اسٹروک سے7 افراد دم توڑ گئے، آج پیرس کی تاریخ میں مئی کا گرم ترین دن رہا۔فرانسیسی جونیئر وزیر برائے توانائی کے مطابق ہلاک ہونے والے سات افراد میں سے پانچ جھیلوں، دریاؤں یا ساحلوں میں ڈوبنے کے واقعات میں جان سے گئے۔محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی وارننگ جاری کی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لوگ ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے آبی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، جس کے دوران حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔کھیلوں کے مقابلوں کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں، غیرملکی سیاحوں نے موسم کی شدت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنی شدید گرمی کی توقع نہیں کی تھی۔یاد رہے کہ فرانس میں گزشتہ ہفتے سے معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ دو روز تک شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔مقامی حکام نے شہریوں کو غیرضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی زیادہ پینے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔