بھوپال: مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے سابق اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی مبینہ خودکشی اور جہیز کے لیے ہراسانی معاملے میں اپنی جانچ باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس کی خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) سے معاملہ سنبھالنے کے ایک دن بعد سی بی آئی نے تیزی کے ساتھ کارروائی شروع کرتے ہوئے بھوپال میں ٹویشا شرما کے سسرال پہنچ کر شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کیا۔جانچ ایجنسی کی ایک ٹیم منگل کی صبح اس گھر پہنچی جہاں 12 مئی کو ٹویشا شرما مبینہ طور پر پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔ افسران نے گھر کا معائنہ کیا، موقع واردات کا جائزہ لیا اور معاملے سے متعلق اہم ثبوت جمع کرنے کی کارروائی انجام دی۔سی بی آئی نے پیر کی دیر رات ٹویشا شرما کے شوہر سمرتھ سنگھ اور ان کی ساس، سابق جج گیری بالا سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مرکزی ایجنسی نے مدھیہ پردیش پولیس کی کارروائی کے بعد مقدمے کو دوبارہ درج کرتے ہوئے جانچ اپنے ہاتھ میں لے لی۔خصوصی جرائم یونٹ کے افسران پیر کو ہی بھوپال پہنچ گئے تھے تاکہ ایس آئی ٹی کی جانب سے اب تک جمع کیے گئے دستاویزات، فرانزک رپورٹ اور دیگر ثبوت حاصل کیے جا سکیں۔ سی بی آئی اب انہی بنیادوں پر اپنی جانچ کو آگے بڑھا رہی ہے۔ٹویشا شرما کی موت نے عوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کے اہل خانہ نے مسلسل الزام لگایا ہے کہ شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے انہیں جہیز کے لیے ہراساں کیا جاتا تھا۔ خاندان نے ابتدا سے ہی معاملے میں سازش کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ملزم فریق کے بیانات کی بنیاد پر معاملہ خودکشی کا معلوم ہو رہا تھا، تاہم متوفیہ کے اہل خانہ اس نتیجے سے متفق نہیں تھے اور مسلسل غیر جانبدار جانچ کا مطالبہ کر رہے تھے۔سی بی آئی کے ہاتھ میں جانچ جانے سے پہلے ایس آئی ٹی نے پیر کو سمرتھ سنگھ سے تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک پوچھ گچھ کی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جانچ ٹیم نے گھر میں جائے وقوع کو دوبارہ تیار کر کے حالات کا جائزہ بھی لیا تھا۔پوچھ گچھ کے دوران سمرتھ سنگھ نے جانچ کاروں کو بتایا کہ حمل ٹھہرنے اور بعد میں حمل ختم ہونے کے بعد ٹویشا شرما کے رویے میں تبدیلی آئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہوں نے وہی باتیں دہرائیں جو پہلے بھی جانچ کے دوران بتائی جا چکی تھیں۔ معاملے میں اب سی بی آئی کی تفصیلی جانچ پر سب کی نظر ہے۔