(26 مئی 2026): بکروں سے بھرا ٹرک الٹ گیا جس میں ٹرک میں سوار افراد بھی زخمی ہوئے تاہم لوگ زخمیوں کی مدد کے بجائے بکرے لوٹ کر فرار ہوتے رہے۔یہ شرمناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشامبی میں پیش آیا، جہاں بکروں سے بھرا ٹکر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نیشنل ہائی وے پر الٹ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں ٹرک میں سوار کئی افراد بھی زخمی ہوئے اور وہ مدد کے لیے چیخ وپکار کرتے رہے۔ تاہم موقع پر موجود افراد کا جم غفیر زخمیوں کی مدد کے بجائے سڑک پر بکھرے بکروں پر ٹوٹ پڑی اور لوگ بکرے لوٹ کر فرار ہوتے رہے۔یہ انسانیت سوز ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوئی بکرے کو کاندھے پر اٹھائے بھاگ رہا ہے اور کوئی گود میں بھر کر لے جا رہا ہے۔بعد ازاں اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ٹرک کو ضبط کر لیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔