ایران اور امریکا معاہدے کے لیے فریم ورک پر متفق ہو گئے ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

Wait 5 sec.

تہران (25 مئی 2026): ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا معاہدے کے لیے فرہم ورک پر متفق ہو گئے ہیں۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا معاہدے کیلیے فریم ورک پر متفق ہو گئے ہیں اور بیشتر نکات پر اتفاق ہو گیا ہے، تاہم معاہدے پر دستخط ابھی قریب نہیں۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کا مرکزی مقصد امریکا اور ایران جنگ کا خاتمہ ہے، معاہدے سے متعلق جوہری پروگرام کی تفصیلات زیر بحث نہیں۔ دباؤ، دھمکیاں اور پروپیگنڈا سیاست کا حصہ ہیں، لیکن ایران صرف زمینی حقائق دیکھتا ہے، مخالف بیانیے اہم نہیں۔اسماعیل بقائی کا مزید کہنا تھا کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلیے بہترین حکمت عملی پر کام جاری ہے۔ ضرورت پڑنے پر مناسب انداز میں جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن کا پہلے بھی جواب دیا ہے اور اب بھی جہاں ضروری ہوگا وہاں جواب دیں گے۔ تاہم دشمن کے طریقے نقل نہیں کریں گے، کیونکہ ایران ایک مہذب، طاقتور اور باوقار قوم ہے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مغربی میڈیا میں معاہدے کے حتمی نکات کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ایران کے منجمد اثاثوں سے متعلق ابھی بات چیت جاری ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کا انتظام شامل نہیں ہے۔ اس کا انتظام ساحلی ممالک کا حق ہے۔ تاہم آبنائے ہرمز سے متعلق عالمی تشویش نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اس سے متعلق اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے مطابق فیصلے کریں گے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔