اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔حکومتِ پاکستان نے حجاج کرام کو دورانِ حج اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ انہیں سفرِ حج کے دوران کسی بھی مشکل یا پریشانی سے بچایا جاسکے۔جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام اپنے خیموں، ہوٹلوں اور دیگر اہم مقامات کی تصاویر محفوظ رکھیں تاکہ راستہ یاد رکھنے میں آسانی ہو، اس کے علاوہ اپنا بینک کارڈ، شناختی کارڈ اور اپنی تصویر بھی موبائل فون میں محفوظ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گروپ لیڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور حج پر روانگی سے پہلے ضروری معلومات حاصل کر لیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی پیش آئے تو متعلقہ اداروں اور حج آپریشن روم سے فوری رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حجاج کرام اپنے مقدس سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنا سکتے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ روز عازمین کو ہدایت کی گئی تھی کہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے چھتری، سن گلاسز اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی ضروری ادویات بھی اپنے بیگ میں شامل کریں۔مزید کہا گیا تھا کہ آرام دہ قیام اور سفر کے لیے چٹائی، ایک عدد سوت (احرام/لباس)، موبائل چارجر اور پاور بینک بھی ساتھ رکھنا مفید ہوگا۔حج انتظامیہ نے تاکید کی ہے کہ عازمین صرف ضروری سامان ساتھ رکھیں اور غیر ضروری اشیا سے اجتناب کریں تاکہ سفر میں آسانی رہے اور عبادات پوری توجہ اور سکون کے ساتھ ادا کی جاسکیں۔