رچناتمک کانگریس میں اہم تقرری، امریش رنجن پانڈے شعبہ مواصلات کے انچارج مقرر

Wait 5 sec.

نئی دہلی: رچناتمک کانگریس نے تنظیمی سطح پر ایک اہم تقرری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ امریش رنجن پانڈے کو پارٹی کے شعبہ مواصلات کا انچارج مقرر کیا ہے۔ پارٹی کے چیئرمین سندیپ دکشت کی جانب سے تقرری نامہ جاری کیا گیا، جس میں امریش رنجن پانڈے کو قومی اکائی کے شعبہ مواصلات کی ذمہ داری سونپنے کا اعلان کیا گیا۔جاری تقرری نامے میں کہا گیا کہ امریش رنجن پانڈے کو سماجی و سیاسی معاملات کی سمجھ، ابلاغی صلاحیت، عوامی رابطے اور جمہوری اقدار کے تئیں وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ پارٹی قیادت نے امید ظاہر کی کہ ان کا تجربہ تنظیم کے نظریات، پیغام رسانی اور عوامی رسائی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔امریش رنجن پانڈے سپریم کورٹ آف انڈیا، دہلی ہائی کورٹ اور مختلف ٹریبونلز اور کمیشنوں میں وسیع تجربہ رکھنے والے ایڈووکیٹ ہیں۔ قانونی خدمات کے ساتھ ساتھ وہ گزشتہ کئی برسوں سے سیاسی رابطہ کاری، عوامی امور اور میڈیا حکمت عملی سے بھی وابستہ رہے ہیں۔وہ انڈین یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈین یوتھ کانگریس اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا میں قومی میڈیا انچارج اور قومی ترجمان کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔ انہوں نے مختلف ریاستوں میں انتخابی مہمات اور عوامی رابطہ پروگراموں کے دوران آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی مواصلاتی ٹیموں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔بین الاقوامی سطح پر بھی انہیں سیاسی قیادت، جمہوری اداروں اور طرز حکمرانی کے شعبے میں تجربہ حاصل ہے۔ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے لیجسلیٹو فیلوز پروگرام کے فیلو رہ چکے ہیں، جس کے تحت انہیں اوہائیو ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ وہ جرمنی کے کونراڈ ایڈیناور اسکول فار ینگ پولیٹیشنز کے بھی فیلو ہیں۔سال 2022 میں ایشین نیٹ ورک فار فری الیکشنز کی جانب سے انہیں فلپنس کے صدارتی انتخابات کے لیے بین الاقوامی انتخابی مبصر مقرر کیا گیا تھا۔تقرری کے بعد امریش رنجن پانڈے نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور رچناتمک کانگریس کے چیئرمین سندیپ دکشت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے اور نئی ذمہ داری پوری لگن کے ساتھ نبھائیں گے۔