روس کا کیف پر بڑے حملے کا اعلان ،غیر ملکی شہریوںکو فوری شہرچھوڑنے کا حکم

Wait 5 sec.

ماسکو: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کا اعلان کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو فوری شہر چھوڑنے کا حکم دے دیا۔: روس اور یوکرین کی جنگ میں ایک بار پھر انتہائی سنگین شدت پیدا ہو گئی، روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے پیمانے پر فضائی اور میزائل حملے شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اب کیف میں فوجی اور دفاعی صنعتی اہداف پر مسلسل اور بے رحمانہ حملے کیے جائیں گے۔روسی وزارتِ خارجہ نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر کیف میں موجود تمام غیر ملکی شہریوں اور سفارت کاروں کو فوری طور پر شہر چھوڑنے کی سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔روسی حکام نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ بڑے حملے دراصل روس کے زیرِ کنٹرول علاقے ‘لوہانسک’ کے ایک اسٹوڈنٹ ہاسٹل پر یوکرینی ڈرون حملے کی جوابی کارروائی ہیں۔ان جوابی حملوں کے تحت کیف میں ڈرون بنانے، ان کی پروگرامنگ کرنے والے مراکز اور نیٹو (NATO) ماہرین کی مدد سے چلنے والی فوجی کمانڈ پوسٹوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا۔روس نے عام یوکرینی شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی جانیں بچانے کے لیے صدر زیلنسکی کی حکومت کے فوجی اور انتظامی دفاتر سے فوری طور پر دور ہو جائیں۔دوسری جانب، یوکرینی فوج اور حکومت نے لوہانسک کے اسٹوڈنٹ ہاسٹل پر حملے کے روسی دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے کیف پر حملوں کے لیے ایک بہانہ قرار دیا ہے۔بین الاقوامی برادری نے روس کے اس اعلان کے بعد گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کیف میں موجود سفارتی مشنز نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔