جنوب مشرقی ایشیائی ملک لاؤس میں زیر آب غار میں 10 دن سے پھنسے 4 افراد کو باحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاؤس میں اس وقت افسوسناک صورتحال سامنے آئی جب 10 دن پہلے سونے کی تلاش میں نکلنے والے افراد کا گروپ دور دراز وسطی صوبے ’سائیسومبون‘ میں غار کے اندر داخل ہوا تھا۔اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی وجہ سے غار کا راستہ بند ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد اندر ہی پھنس گئے۔غار سے تقریباً 984 فٹ کی دوری پر پانچ افراد کو زندہ دیکھا گیا جبکہ 2 افراد اب بھی لاپتا ہیں جبکہ گزشتہ روز بھی ایک شخص کو باحفاظت نکالا گیا تھا۔آج ریسکیو اہلکاروں کو ایک اور کامیابی اس وقت ملی جب پانی کی سطح اتنی کم ہوگئی کہ باقی ماندہ 4 افراد کو بھی باحفاظت باہر نکالا جاسکے۔ویڈیو میں جذباتی منظر دیکھا جاسکتا ہے جب غار میں پھنسے افراد باہر نکلے تو انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کو گلے لگالیا۔ریسکیو کیے گئے افراد کو اسٹریچر پر لٹایا گیا، آکسیجن ماسک اور ڈرپس لگائی گئیں جبکہ ایک طبی ماہر ان کا معائنہ کرتے ہوئے دکھائی دیا۔علاوہ ازیں غار کے اندر لاپتا ہونے والے آخری دو افراد کو تلاش کرنے کی کوشش میں اب بھی پانی باہر پمپ کیا جارہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں پڑوسی ممالک تھائی لینڈ، انڈونیشیا، فرانس اور آسٹریلیا کے ماہر غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں۔