تہران (یکم جون 2026): ایرانی سیکیورٹی کونسل نے ٹرمپ کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایٹمی پروگرام سے متعلق امریکا سے کوئی وعدہ نہیں کیا ہے۔گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بہو کو فاکس نیوز پر انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ تاہم ایرانی سیکیورٹی کونسل نے امریکی صدر کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ترجمان ایرانی سیکیورٹی کونسل ابراہیم رضائی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام سے متعلق ہم نے امریکا سے کوئی وعدہ نہیں کیا اور نہ ہی امریکا سے افزودہ شدہ یورینیم یا یورینیم افزودگی سے متعلق کوئی بات ہوئی ہے۔ترجمان ایرانی سیکیورٹی کونسل نے کہا کہ امریکا سے واضح کہہ دیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کیلیے ہماری یہ شرائط ہیں اور ان طے شدہ شرائط سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ابراہیم رضائی نے کہا کہ اب دیکھتے ہیں امریکی سفارت کاری کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں یا نہیں۔ امریکا نے کسی بھی فیصلے کا معاملہ سفارت کاروں کے ذریعہ حل کرنا ہے یا پھر اس کا فیصلہ ہمارے میزائلوں سے ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس کی کارروائیاں ایران کی جانب سے ایک قسم کی پیشگی کارروائی تھی۔ محاصرے کے حوالے سے یقین رکھیں کہ حالات ہمیشہ ایسے نہیں رہیں گے۔ترجمان ایرانی سیکیورٹی کونسل نے یہ بھی کہا کہ ہمیں فوجی معاملات کو فوج پر ہی چھوڑنا چاہیے۔ ہم آپریشن شروع کرنے کے بہترین وقت تک پہنچنے کا انتظار کر رہے ہیں، جب وقت صفر پر پہنچ جائے گا تو فوج ضرور کارروائی کرے گی۔واضح رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی ایک رپورٹ میں امریکی صدر کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجوزہ معاہدے میں ایران کے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کی کوئی شق شامل نہیں ہے۔سی این این کی اس رپورٹ پر صدر ٹرمپ نے سیخ پا ہوتے ہوئے امریکی نشریاتی ادارے کو ایک بار پھر جھوٹا قرار دے ڈالا۔صدر ٹرمپ نے سی این این کو ایک بار پھر جھوٹا قرار دے دیا