امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر کااسرائیل کو امریکی فوجی امداد فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ

Wait 5 sec.

واشنگٹن : امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی امریکی فوجی امداد فوری طور پر بند کرنے کا پرزور مطالبہ کردیا۔انہوں نے عالمی برادری اور امریکی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بغیر کسی خوف اور جوابدہی کے "نسل کشی” اور "ظالمانہ کارروائیاں” انجام دے رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری بیان میں عالمی برادری اور امریکی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ "اسرائیل نے اب یہ سبق سیکھ لیا ہے کہ وہ تقریباً مکمل بے خوفی کے ساتھ نسل کشی اور دیگر ہولناک مظالم کا ارتکاب کر سکتا ہے، کیونکہ اسے روکنے والا کوئی نہیں ہے۔”امریکی رکنِ کانگریس نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جو تباہی غزہ میں مچائی، اب وہی وحشیانہ حکمتِ عملی وہ لبنان میں بھی دہرا رہا ہے۔انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کی لبنان میں جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک ہزاروں معصوم افراد ہلاک جبکہ 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو کر ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔الہان عمر نے بائیڈن انتظامیہ اور امریکی اسٹیبلشمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح کیا کہ ان حالات میں اسرائیل کو مزید کسی قسم کی امریکی فوجی یا مالی امداد فراہم نہیں کی جانی چاہیے، کیونکہ امریکی ہتھیاروں کا استعمال معصوم انسانوں کے قتلِ عام کے لیے ہو رہا ہے۔