واشنگٹن (2 جون 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل’ پر امریکی صدر نے لکھا کہ فیک نیوز کی ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات بند ہونے کی خبریں جھوٹی اور گمراہ کن ہیں، تہران کے ساتھ بات چیت مسلسل جاری ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کے ساتھ 4 دن پہلے، 2 دن پہلے، کل اور آج بھی رابطے ہوئے، اب کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کہاں تک پہنچتے ہیں یہ کہنا قبل از وقت ہے، تہران کو اب معاہدے کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہوگا۔گزشتہ روز ایرانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے احتجاجاً امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روک دیا ہے۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات کا امکان نہیں، اسرائیل اور اس کے حامیوں کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اب آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا اور باب المندب سمیت دیگر تمام محاذ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔