کنگ چارلس کی بیماری : شہزادہ ولیم نے شاہی ذمہ داریاں سنبھال لیں

Wait 5 sec.

لندن : برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کی کینسر کے خلاف جاری جنگ کے دوران شہزادہ ولیم نے شاہی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سنبھال لیں۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ چارلس طبی معالجے کے باعث اپنی عوامی سرگرمیاں محدود کر رہے ہیں، جس کے بعد شہزادہ ولیم عملی طور پر شاہی خاندان کے اہم فرائض انجام دے رہے ہیں اور بادشاہت کے استحکام کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔41سالہ شہزادہ ولیم اس وقت نہ صرف شاہی ذمہ داریوں میں مصروف عمل ہیں بلکہ نجی سطح پر اپنے خاندان کی بھی دیکھ بھال کر رہے ہیں جبکہ مبصرین انہیں برطانیہ کا شیڈو کنگ قرار دینے لگے ہیں۔شہزادی کیٹ مڈلٹن کی حالیہ سرجری اور صحتیابی کے دوران انہوں نے عوامی مصروفیات سے مختصر وقفہ لیا تھا تاکہ اہلیہ اور بچوں کے ساتھ وقت گزار سکیں۔تاہم اب شہزادہ ولیم دوبارہ شاہی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں اور ونڈسر کیسل میں اہم تقریبات کی قیادت سمیت قومی سطح کے مختلف ایونٹس میں شاہی خاندان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔جدید شاہی تاریخ کی ماہر پروفیسر چندریکا کول کے مطابق شہزادہ ولیم اب بطور ’’پرنس آف ویلز‘‘ اپنی الگ شناخت قائم کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور عوام انہیں مستقبل کے بادشاہ کے طور پر دیکھنا شروع ہوگئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اگرچہ شاہ چارلس بڑے عوامی اجتماعات سے گریز کر رہے ہیں، تاہم وہ پس پردہ ریاستی امور میں سرگرم ہیں، سرکاری دستاویزات کا جائزہ لے رہے ہیں اور وزیرِاعظم رشی سونک کے ساتھ اہم بریفنگز بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر ملکہ کمیلا اور شہزادی این سمیت شاہی خاندان کے سینئر اراکین نے بھی اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ شاہی نظام کی معمول کی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔شاہی خاندان میں حالیہ صحت کے بحرانوں نے خاندانی تعلقات کو بھی دوبارہ توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ بادشاہ کی بیماری کے بعد شہزادہ ہیری نے امریکا سے برطانیہ آکر اپنے والد سے ملاقات کی، تاہم ذرائع کے مطابق شہزادہ ولیم اس وقت اپنی اہلیہ، بچوں اور مستقبل کی شاہی ذمہ داریوں پر مکمل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔