سعودی عرب : ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن ملک بدر

Wait 5 sec.

ریاض : سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہفتے میں 11 ہزار587 اقامہ، لیبر اور بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ 9 ہزار 139 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے 29 اکتوبر سے 4 نومبر 2026 کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اقامہ قوانین کی 6 ہزار 43، بارڈر سکیورٹی قوانین کی 3 ہزار 191 اور لیبر قوانین کی 2 ہزار 353 خلاف ورزیاں پکڑیں۔وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 678 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 18 ایسے افراد بھی گرفتار کیے گئے جو سرحد عبور کرکے سعودی عرب سے پڑوسی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔اسی طرح غیر قانونی تارکین وطن کو سفر، رہائش، روزگار اور پناہ فراہم کرنے کی کوششوں میں ملوث 29 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا قابلِ سزا جرم ہے۔ اس میں انہیں رہائش، ملازمت، سفر یا پناہ دینے کے علاوہ مملکت میں داخلے میں مدد  کرنا بھی شامل ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب میں داخل ہونے، قیام کرنے یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی اور جائیداد بھی ضبط کی جاسکتی ہے۔سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں یا خلاف ورزیوں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔مکہ مکرمہ اور ریاض میں اس مقصد کے لیے ٹول فری نمبر 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔سعودی عرب: ٹیکسیوں اور کرائے کی گاڑیوں سے متعلق اہم فیصلہ