برطانیہ جانے کے 3 نئے مواقع، پناہ گزینوں کے لیے خوشخبری

Wait 5 sec.

لندن : برطانیہ نے مخصوص ممالک سے آنے والے پناہ گزینوں کے لیے نئے اسپانسر شپ پروگراموں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تعلیم اور ملازمت کے ذریعے بھی آنے کا موقع ہے۔کمیونٹی گروپس، جامعات اور ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کے ذریعے مخصوص ممالک کے پناہ گزین برطانیہ آسکیں گے، یو این ایچ سی آر نے اسپانسرشپ کے نام پر رقم مانگنے والوں کو فراڈ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق برطانوی حکومت نے مخصوص ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کو برطانیہ آنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے اسپانسرشپ کے نئے راستوں کا اعلان کیا ہے۔ان پروگراموں کے تحت پناہ گزین کمیونٹی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور ملازمت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے تعاون سے برطانیہ منتقل ہوسکیں گے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق برطانوی حکومت نے پناہ گزینوں کی آمد کے لیے تین مختلف اسپانسرشپ پروگرام متعارف کرائے ہیں، جن کا انتظام اور نفاذ خود برطانوی حکومت کررہی ہے۔ان میں پہلا پروگرام کمیونٹی اسپانسرشپ ہے، جس کے تحت کمیونٹی گروپس اور مختلف تنظیمیں پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی میں معاونت کرسکیں گی۔دوسرے پروگرام کو ریفیوجی اسٹڈی روٹ کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت شریک جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے پناہ گزینوں کو برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔تیسرا پروگرام ریفیوجی ورک روٹ ہے، جس کے تحت ایسے آجر اور کمپنیاں جو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں، پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی میں اسپانسر کا کردار ادا کرسکیں گی۔یو این ایچ سی آر نے واضح کیا ہے کہ ان تینوں پروگراموں کے تحت پناہ گزینوں کی شناخت، انتخاب یا ان کے نام برطانوی حکام کو بھیجنے کے عمل میں ادارے کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ یہ پروگرام برطانوی حکومت نے خود تیار کیے ہیں اور ان پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی اسی کی ہے۔دوسری جانب یو این ایچ سی آر نے پناہ گزینوں کو خبردار کیا ہے کہ برطانیہ منتقلی یا اسپانسرشپ کا انتظام کرنے کے دعوے دار کسی بھی شخص کو رقم ادا نہ کریں۔ادارے کے مطابق ایسے دعوے دھوکا دہی پر مبنی ہیں اور کسی کو رقم دے کر برطانیہ میں آباد ہونے کی ضمانت حاصل نہیں کی جاسکتی۔ادارے نے دھوکا دہی کے ایسے واقعات کی اطلاع دینے کے لیے ای میل ایڈریس pakisfrd@unhcr.org بھی جاری کیا ہے۔یو این ایچ سی آر پاکستان نے تحفظ سے متعلق فوری مدد کے خواہش مند افراد کے لیے بھی رابطے کی سہولت فراہم کی ہے۔ ایسے افراد ای میل pakisprt@unhcr.org پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ ٹول فری ہیلپ لائن 0800 68877 پر بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔یہ ہیلپ لائن پیر سے جمعہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک، جبکہ ہفتہ اور اتوار صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک فعال رہتی ہے۔ادارے نے پناہ گزینوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسپانسرشپ اور برطانیہ منتقلی سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور کسی بھی غیرمصدقہ دعوے یا مالی مطالبے کا شکار نہ ہوں۔برطانیہ میں پناہ گزینوں کیلئے قانون مزید سخت کردیا گیا