واشنگٹن : ایران نے ایٹمی پروگرام سے متعلق بعض اہم امور پر امریکا سے بات چیت پر آمادگی ظاہرکردی۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر بڑی پیشرفت سامنے آئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘بلومبرگ’ نے ایک سینئر سفارت کار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک ممکنہ طور پر جنگ ختم کرنے کے لیے ایک معاہدے یا پیشرفت کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام سے متعلق بعض ایسے انتہائی اہم اور حساس امور پر بھی امریکا سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جو اس سے قبل مذاکرات کے رسمی ایجنڈے میں شامل نہیں تھے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی موقف میں یہ نرمی اور ممکنہ رعایت دونوں ممالک کے درمیان جاری تعطل کو توڑنے میں اہم پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔بلومبرگ نے کہا کہ ایران اس وقت قطری حکام کی جانب سے پیش کی گئی سفارتی تجاویز کا بغور جائزہ لے رہا ہے، قطر کی جانب سے پیش کردہ ان تجاویز میں ایرانی جوہری سرگرمیوں کو محدود کرنے اور ان سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے خدوخال شامل ہیں۔FOLLOW US ON ARY TUBEبین الاقوامی سفارت کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر فریقین انہی لائنوں پر آگے بڑھتے رہے تو خطے میں جنگ کے بادل چھٹنے اور سفارتی تصفیے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔