نیویارک : امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کو اپنی غلطی کے اعتراف کے بعد ایک اور مشکل کا سامنا ہے۔معاملے کی نزاکت کے پیش نظر این ویڈیا کے بورڈٖ آف ڈائریکٹرز نے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کے خلاف مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔این ویڈیا کمپنی اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا وہ کسی غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کی کارروائی کا ہدف بنے تھے یا نہیں۔یہ معاملہ ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون سے قریبی تعلقات کا دعویٰ کیا گیا تھا، جن پر امریکی حکام کو شبہ ہے کہ وہ چین کے لیے مبینہ طور پر خفیہ معلومات جمع کرنے کا کام کرتی رہی ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ اپنی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی ایک چینی خاتون سے قریبی تعلقات تھے۔واضح رہے کہ ایلس ہوانگ کا این ویڈیا کے سربراہ سے کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے وہ سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو رہ چکی ہیں، جس کی امریکی حکام نے تحقیقات کی تھیں اور مبینہ طور پر انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ادارہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا ہے اور نہ ہی ایلس ہوانگ کی میگاسپیڈ میں موجودہ ملازمت کی حیثیت بھی واضح ہوسکی ہے۔امریکا کے لیے یہ معاملہ کیوں اہم ہے؟این ویڈیا کمپنی امریکا اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کی عالمی مسابقت میں انتہائی اہم مقام رکھتی ہے، جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ سے مبینہ روابط کا معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب این ویڈیا اپنی غیرمعمولی ترقی کے سبب سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ جن کے جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات تھے وہ مبینہ طور پر بیجنگ کے لیے جاسوسی کرتی تھیں۔جینسن ہوانگ کون ہیں؟63سالہ جینسن ہوانگ کا شمار دنیا کی طاقتور ترین ٹیکنالوجی شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے سال 1993میں کرس مالاچوسکی اور کرٹس پریئم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے مسلسل کمپنی کے سربراہ چلے آرہے ہیں۔تائیوان میں پیدا ہونے والے جینسن ہوانگ نے امریکا میں پرورش پائی اور وہیں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ان کی قیادت میں این ویڈیا نے ویڈیو گیمز کے لیے گرافکس چِپس بنانے والی کمپنی سے ترقی کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ترین پروسیسرز فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں اپنی جگہ بنائی۔جینسن ہوانگ اپنی مخصوص چمڑے کی جیکٹ، نمایاں مصنوعات کی رونمائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر معمولی اثرورسوخ کے باعث بھی پہچانے جاتے ہیں۔وہ کئی دہائیوں سے اپنی اہلیہ لوری ہوانگ کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں، جن سے ان کی ملاقات انجینئرنگ کی تعلیم کے دوران ہوئی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں اور دونوں ہی این ویڈیا میں کام کرتے ہیں۔ان کی بیٹی میڈیسن ہوانگ کمپنی میں فزیکل اے آئی پلیٹ فارمز کے لیے پروڈکٹ اور ٹیکنیکل مارکیٹنگ کی سینئر ڈائریکٹر ہیں، جبکہ بیٹا اسپینسر ہوانگ روبوٹکس سافٹ ویئر مصنوعات کے شعبے سے وابستہ ہے۔این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیوروئٹرز کے مطابق سال 2022 کے اواخر میں این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 420 ارب ڈالر تھی، جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی تھی، اس وقت یہ دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی کمپنیوں میں شامل ہے اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو جدید اے آئی چِپس فراہم کرنے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ایلس ہوانگ کا اصل معاملہ کیا ہے؟دوسری جانب امریکی حکام سنگاپور میں قائم کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی میگاسپیڈ کی تحقیقات کررہے ہیں، امریکی حکام کو شبہ ہے کہ اس کمپنی نے بیجنگ کو این ویڈیا کے جدید مصنوعی ذہانت کے چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کی، حالانکہ امریکا نے ان جدید چِپس کی چین کو برآمد پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چینی شہری ایلس ہوانگ نے مبینہ طور پر جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے تھے۔ میگاسپیڈ کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی ایشیا پیسیفک خطے میں این ویڈیا کی کلاؤڈ پارٹنر ہے اور اس کے پاس این ویڈیا کے جدید GB200 NVL72 اور HGX H100 چِپس بھی دستیاب ہیں۔ایلس ہوانگ کا ردعملرائٹرز نے پیر کے روز میگاسپیڈ سے اس معاملے پر مؤقف جاننے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔ اس کے علاوہ ایلس ہوانگ نے بھی نیویارک ٹائمز کی ابتدائی رپورٹ پر اپنا کوئی ردعمل نہیں دیا تھا۔این ویڈیا کا مؤقفاین ویڈیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی کے پاس فی الحال یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ امریکی قومی سلامتی یا کمپنی کی خفیہ معلومات متاثر ہوئی ہیں، تاہم معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔کمپنی کے مطابق تحقیقات کی نگرانی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آزاد کمیٹی کرے گی، جسے بیرونی اور خودمختار قانونی ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوگی، جینسن ہوانگ نے اس تحقیقات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔جینسن ہوانگ نے اعترافی پیغام میں کیا کہا؟جینسن ہوانگ نے گزشتہ اتوار کو کمپنی کے ملازمین کے نام ایک پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے شرمندگی کا اظہار کیا تھا۔سی ای او اینویڈیا نے اعتراف کیا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ سے بے وفائی کے مرتکب ہوئے تھے اور اس پر انہوں نے اپنے بیوی بچوں سے بھی معافی مانگ لی ہے۔اپنی اعترافی ای میل میں ان کا کہنا تھا کہ میرے خاندان نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، میری پوری زندگی میں وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے وہ میری ایمانداری اور وفاداری کے حق دار ہیں لیکن میں نے انہیں مایوس کیا۔ای میل پیغام میں جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور یہ کہ وہ اینویڈیا کے ملازمین، بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اترسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا مرتکب ہوا، میرے اس عمل سے انہیں اور ہمارے بچوں کو تکلیف پہنچی، میرے پاس اپنے کیے کا کوئی جواز نہیں مجھے اس پر گہرا افسوس ہے۔