شکاگو : امریکا میں نوزائیدہ بچوں کے والدین کی جانب سے بچوں کو ’وٹامن کے‘ کے انجیکشن لگوانے سے انکار کے باعث ان کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔امریکا میں حالیہ برسوں کے دوران سوشل میڈیا پر پھیلی غلط معلومات اور ویکسین کے خلاف مہمات کی وجہ سے نوزائیدہ بچوں کو ’وٹامن کے‘ کا انجیکشن نہ لگوانے کے رجحان میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔طبی ماہرین اور امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کے مطابق پیدائش کے وقت اس اہم وٹامن کا ٹیکہ نہ لگوانے سے بچوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔امریکا میں نوزائیدہ بچوں کو پیدائش کے وقت وٹامن کے کے حفاظتی انجیکشن لگوانے سے والدین کے بڑھتے ہوئے انکار کے باعث بچوں کے دماغ میں خون بہنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نومولود بچے پیدائش کے وقت وٹامن کے کی مناسب مقدار کے ساتھ پیدا نہیں ہوتے، حالانکہ یہ وٹامن خون جمنے کے قدرتی عمل کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس کی کمی کے باعث بچوں میں جسم کے مختلف حصوں، خصوصاً دماغ میں خون بہنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے بعد والدین کی جانب سے وٹامن کے کے انجیکشن سے انکار کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا، تاہم امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے دور میں اس رجحان میں مزید تیزی دیکھی گئی ہے۔ماہرین صحت کا خیال ہے کہ ویکسین اور دیگر طبی اقدامات کے بارے میں متضاد پیغامات کے باعث والدین میں نومولود بچوں کے معمول کے حفاظتی علاج سے متعلق بھی شکوک پیدا ہوئے ہیں۔امریکی محکمہ صحت کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے امریکی ادارے سی ڈی سی کی جانب سے اب بھی نوزائیدہ بچوں کو وٹامن کے کے انجیکشن لگوانے کی سفارش کی جارہی ہے۔تحقیق میں ڈاکٹر کرسٹن اسکاٹ اور ان کے ساتھیوں نے 2017 سے 2025 کے دوران امریکا میں پیدا ہونے والے 52 لاکھ سے زائد بچوں کے طبی ریکارڈ کا جائزہ لیا۔اس تحقیق کے مطابق وٹامن کے کا انجیکشن نہ لگوانے والے بچوں کی شرح 2017 میں 3.1 فیصد تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 6.8 فیصد ہوگئی۔ 2024 کے اختتام پر یہ شرح 5.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ جن بچوں کو پیدائش کے وقت وٹامن کے کا انجیکشن نہیں لگایا گیا، ان میں زندگی کے پہلے چھ ماہ کے دوران خون بہنے کا خطرہ انجیکشن لگوانے والے بچوں کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ تھا۔