سونے کی چین نہ دینے پر سسرالیوں نے نئی نویلی دلہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا

Wait 5 sec.

نئی دہلی(14 مئی 2026): بھارت میں جہیز کی ہوس نے ایک اور لڑکی کی جان لے لی، جہاں ظالم سسرالیوں نے شادی میں سونے کی چین نہ ملنے پر 23 سالہ بہو کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنجو کماری کی شادی رواں ماہ ونود پال نامی شخص سے ہوئی تھی۔ لڑکی کے والدین نے اپنی بساط سے بڑھ کر جہیز دیا، جس میں 4 لاکھ روپے نقد، موٹر سائیکل، فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان شامل تھا، تاہم سسرالی شادی کے دن سے ہی سونے کی چین کا مطالبہ کر رہے تھے۔مقتولہ کے بھائی شیوم نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ شادی کے بعد سے ہی سنجو کو ساس، سسر، شوہر اور نند کی جانب سے شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔اسے طعنے دیے جاتے تھے کہ اتنی دھوم دھام سے شادی کی لیکن ایک سونے کی چین نہ دے سکے۔ شیوم کے مطابق آخری فون کال پر ساس نے دھمکی دی تھی کہ اب تمہاری بہن کی لاش ہی گھر نکلے گی جس کے بعد سنجو کی چیخیں سنائی دیں اور فون کٹ گیا۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ سنجو کو گلا دبا کر قتل کیا گیا اور ثبوت مٹانے کے لیے پولیس کو اطلاع دیے بغیر اس کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئیں۔پولیس نے مقتولہ کے گھر والوں کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ساس سمترا دیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ دورانِ تفتیش ساس نے اعتراف کیا کہ سونے کی چین پر جھگڑا ہوا تھا۔تاہم اس نے دعویٰ کیا کہ سنجو نے خودکشی کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوہر اور دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔