ماں اور باپ دونوں بھارتی، لیکن بیٹی 26 سال سے انڈین شہریت سے محروم، وجہ کیا ہے؟

Wait 5 sec.

راجکوٹ (15 مئی 2026): بھارتی والدین کی معمولی غلطی نے ان کی بیٹی کو غیر ملکی بنا دیا اور اب وہ اپنی شہریت کے لیے دربدر ہو رہی ہے۔بچے تو غلطی کرتے ہیں لیکن کبھی کبھار والدین بھی ایسی غلطی کرتے ہیں جو ان کی اولاد کو بڑی مشکل میں ڈال دیتی ہے۔ ایسی ہی غلطی کی بھارت کے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے، جن کی معمولی غفلت بیٹی کے لیے بڑی پریشانی کا سبب بن گئی اور وہ اپنی قومیت کھو بیٹھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کہانی ہے راجکوٹ کی 26 سالہ خاتون کی، جس کے ماں اور باپ دونوں تو بھارتی ہیں، لیکن اس کو اب تک بھارتی شہریت نہیں مل سکی ہے، جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر بھی نہیں کر سکتی۔یہ خاتون سال 2000 میں موزمبیق میں پیدا ہوئی جب کہ اس کے والدین دونوں بھارتی شہری ہیں۔ جب وہ صرف 18 دن کی تھی تو موزمبیق میں شدید سیلاب آنے کے باعث یہ خاندان موزمبیق حکومت کے جاری کردہ ایمرجنسی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر بھارت واپس آ گیا اور اس کے بعد کبھی موزمبیق نہیں کیا۔بھارت میں رہتے ہوئے اس خاتون نے تمام سرکاری ضروری دستاویزات حاصل کیں اور باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن بھی فائل کرتی رہی ہے۔تاہم اصل پریشانی اس کی شادی کے بعد شروع ہوئی، اس کی شادی 2023 میں کینیڈا کے رہائشی (غیر رہائشی ہندوستان) سے ہوئی۔ جب اس نے اپنے شوہر کے پاس جانے کے لیے پاسپورٹ کی درخواست دی تو یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ وہ بھارت سے باہر پیدا ہوئی تھی، اس لیے ‘شہریت ایکٹ’ کے سیکشن 4 کے تحت، اس کی پیدائش کے ایک سال کے اندر اندر موزمبیق میں ہندوستانی سفارت خانے میں اس کی پیدائش کا اندراج لازمی تھا۔حالانکہ جب اس کے والدین مستقل طور پر بھارت واپس آئے تو بیٹی صرف 18 دن کی تھی۔ ایک ایسی ذمہ داری جو والدین نے اس وقت پوری نہیں کی، اب خاتون کے لیے سب سے بڑی مشکل بنی ہوئی ہے۔صورتحال یہ ہے کہ خاتون پاسپورٹ آفس، ضلع کلکٹر آفس، وزارت داخلہ کے دفاتر کی خاک چھاننے کے بعد عدالت کا بھی دروازہ کھٹکھٹا چکی، لیکن اس کو اب تک پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔