واشنگٹن(17 مئی 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اور سنجیدہ مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر بہت برا وقت آئے گا اور اسے انتہائی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔فرانسیسی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ تنازع کا خاتمہ چاہتا ہے اور وہ اس حوالے سے ایک نئے معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ تاہم، ایران کو یہ بات اچھی طرح سمجھنی ہوگی کہ وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے، اس لیے اسے بغیر کسی تاخیر کے مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اپنے مفادات اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا۔دوسری جانب، صدر ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ ممکنہ حملوں کی بحالی کا واضح اشارہ بھی دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ "یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی تھی”۔صدر ٹرمپ نے اپنے اس بیان کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں انہیں جنگی جہازوں کے درمیان کھڑا دکھایا گیا ہے، جسے ماہرین کی جانب سے ایران کے لیے ایک سخت جنگی انتباہ قرار دیا جا رہا ہے۔