دہلی-این سی آر میں اس وقت ایسا لگ رہا ہے جیسے آسمان سے آگ برس رہی ہے۔ جھلسا دینے والی دھوپ اور لو کے تھپیڑوں نے لوگوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ 11 مئی سے یہاں مسلسل درجۂ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ بھی اس کے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے اندازے کے مطابق اگلے 6 دنوں تک دہلی-این سی آر کو گرمی سے راحت نہیں ملنے والی ہے۔ اسی طرح اگلے 2 دنوں کے دوران لو سے لے کر شدید لو چلنے کا بہت زیادہ امکان ہے اور اس کے بعد بھی لو کی صورت حال برقرار رہنے کا اندیشہ ہے۔بدھ (20 مئی) کو دہلی-این سی آر میں آسمان صاف رہا، لیکن کئی علاقوں میں ہیٹ ویو نے لوگوں کو پریشان کیا۔ اس دوران کم از کم درجۂ حرارت 28.3 ڈگری سیلسیس رہا اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 44.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بعض علاقوں میں درجۂ حرارت 45 سے 46.3 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ گرمی کی حالت ایسی ہے کہ دن ہی نہیں، رات بھی آگ اگلتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں تقریباً 1 ڈگری سیلسیس کی معمولی کمی آئی، جبکہ کم از کم درجۂ حرارت میں کوئی بڑا فرق نہیں آیا۔ اس دوران دہلی میں کم از کم درجۂ حرارت 27 سے 29 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45 سے 46 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ رِج میں بدھ کو درجۂ حرارت 45.8 ڈگری سیلسیس رہا، لیکن سب سے گرم علاقہ منگیش پور رہا، جہاں درجۂ حرارت 46.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ گروگرام اور غازی آباد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 42 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ دن کے وقت دہلی میں جنوب مغربی ہوائیں چلیں، جن کی رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ رہیں۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آج (21 مئی) کم از کم درجۂ حرارت 27 سے 29 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور زائد از زائد درجۂ حرارت 45 سے 47 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے اندازے کے مطابق آج صبح سے ہی تیز دھوپ رہے گی اور آسمان صاف رہے گا، لیکن بعض علاقوں میں لو کی صورت حال برقرار رہے گی۔ آج بوقت صبح سطحی تیز ہوائیں چلیں گی، جن کی رفتار 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی اور جھکڑوں کے ساتھ کبھی کبھار یہ رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ رات کے وقت بھی لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملنے والی نہیں ہے۔محکمۂ موسمیات نے بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت اور لو کے پیش نظر بچوں، بزرگوں اور پرانی بیماریوں میں مبتلا افراد کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ گرمی ان کی صحت سے متعلق مشکلات کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ گرمی کے پیش نظر ہلکے اور ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے لوگوں سے سوتی کپڑے پہننے اور سر کو ڈھانپ کر رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔