اپارٹمنٹ مالکان کے لیے خوشخبری، حکومت کی نیا قانون لانے کی تیاری

Wait 5 sec.

(16 جولائی 2026): شہروں میں آبادی کے بڑھتے دباؤ کے باعث لوگوں کی بڑی آبادی اپارٹمنٹس میں رہتی ہے جن کے لیے حکومت نیا قانون لا رہی ہے۔عرصہ دراز سے دیہی علاقوں سے شہری علاقوں میں ہجرت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہروں کی بڑھتی آبادی رہائش کے مسائل پیدا کر رہی ہے اور اس کا حل لوگوں نے ملٹی اسٹوری بلڈنگ میں اپارٹمنٹس بنا کر ڈھونڈا اور آج کروڑوں افراد ان اپارٹمنٹس (فلیٹ) میں رہتے ہیں۔ایسے ہی اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت ایک نئی قانون سازی کر رہی ہے۔یہ قانون سازی بھارتی ریاست کرناٹک کی حکومت کر رہی ہے، اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق کے تحفظ، مشترکہ سہولیات کی ملکیت، مالی شفافیت، تنازعات کے فوری حل اور پرانی عمارتوں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے نیا قانون لانے کی تیاری کر رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس نئے قانون کے مسودے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت موجودہ قوانین کو ختم کر کے ایک جامع قانونی نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد اپارٹمنٹ میں رہنے والے لاکھوں افراد کو بہتر قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔مجوزہ قانون کے تحت اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ سہولیات اور مقامات پر ان کی ملکیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ اپارٹمنٹ کے اندراج، انتظام و انصرام، دیکھ بھال کے فنڈز میں شفافیت اور مالی جوابدہی کے لیے واضح قانونی طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ حکومت تیز رفتار تنازعات کے حل اور پرانی و غیر محفوظ عمارتوں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے بھی جامع قانونی فریم ورک متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ قانون کو حتمی شکل دینے سے قبل مختلف متعلقہ فریقوں سے مشاورت بھی کی جائے گی۔