ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے روہت شرما کے ونڈے کرکٹ کے مستقبل کو لے کر جاری قیاس آرائیوں اور افواہوں پر روک لگا دی ہے۔ سیکیا نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈس میں ہونے والا تیسرا اور آخری ونڈے روہت شرما کا آخری مقابلہ نہیں ہوگا۔BCCI SECRETARY ON ROHIT SHARMA. ️ “There are lot of speculations going on in media about Rohit Sharma's future. I want to firmly assert that there has been no such discussion that Rohit will be playing his last match at Lord's. Rohit is a regular member of ODI team and will… pic.twitter.com/Q9bkdDRpCb— Mufaddal Vohra (@mufaddal_vohra) July 17, 2026گزشتہ کچھ دنوں سے ایسی خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا آخری میچ روہت شرما کے ونڈے کیریئر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری نے ان خبروں کو محض قیاس آرائی قرار دیا ہے۔ بی سی سی آئی سکریٹری سیکیا نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے کہا کہ ’’روہت شرما کے مستقبل کو لے کر کئی طرح کی باتیں چل رہی ہیں۔ بورڈ کی سطح پر ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ میں صاف طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے کہ روہت اتوار کو لارڈز میں اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔‘‘ سیکیا نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’روہت ہندوستانی ونڈے ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور جب تک وہ ٹیم کا حصہ ہیں، تب تک ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ لارڈس کا مقابلہ روہت شرما کے ون ڈے کیریئر کا اختتام نہیں ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ روہت شرما نے 2027 میں ہونے والے ونڈے عالمی کپ تک کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ تاہم، انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز کے ابتدائی 2 میچوں میں ان کے بلے سے بڑی اننگز نہیں نکل پائی۔ انہوں نے پہلے مقابلے میں 11 رن اور دوسرے ونڈے میں 26 رن بنائے۔ کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں انگلینڈ کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک نے بھی روہت کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ روہت جیسے بڑے کھلاڑی پر کارکردگی یا مستقبل کو لے کر کسی طرح کا دباؤ نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ روہت ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور ابتدائی 2 میچوں میں رن نہ بننے سے ان کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دوسرے ونڈے میں ایسا لگ رہا تھا کہ روہت ایک بڑی اننگز کھیل سکتے تھے، لیکن ایسا نہیں ہو پایا۔واضح رہے کہ روہت شرما کے ممکنہ ریٹائرمنٹ کی خبریں اس وقت تیزی کے ساتھ گشت کرنے لگی تھیں، جب ان کے والدین لندن پہنچے۔ کئی میڈیا رپورٹس نے بتایا تھا کہ روہت کے ماں-باپ لندن پہنچ گئے ہیں، اور عین ممکن ہے کہ وہ اپنے بیٹے کا آخری مقابلہ دیکھنے پہنچے ہوں۔ حالانکہ بی سی سی آئی اور روہت شرما کی جانب سے اس بارے میں کچھ بھی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ اب بی سی سی آئی سکریٹری کے ذریعہ بیان دیے جانے کے بعد ان افواہوں پر لگام لگ گئی ہے۔