پائلٹ نے آسمان پر ’آئی ایم بورڈ‘ لکھ دیا، انوکھی پرواز کا نقشہ سوشل میڈیا پر وائرل

Wait 5 sec.

لندن(14 جولائی 2026): برطانیہ میں ایک طیارے کے پائلٹ نے ٹیسٹ فلائٹ کے دوران اپنے روٹ سے آسمان پر "آئی ایم بورڈ” (میں بور ہو رہا ہوں) لکھ دیا، جس کا فلائٹ پیٹرن سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر اس پرواز کا غیر معمولی اور دلچسپ نقشہ سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے آپریشنز مینیجر وین بیریٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غالباً پائلٹ ٹیسٹ فلائٹ کے طویل وقت کے دوران بوریت کا شکار ہو رہا تھا، اسی لیے اس نے اپنا دل بہلانے کے لیے پرواز کے راستے سے یہ الفاظ لکھے۔انہوں نے پائلٹ کی غیر معمولی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ آسمان پر اتنی درستگی اور مہارت کے ساتھ الفاظ بنانا کوئی آسان کام نہیں ہے، جو پائلٹ کی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ طیارے کے ایک سلنڈر کو تبدیل کیا گیا تھا، جس کے بعد معمول کے مطابق ٹیسٹ فلائٹ کی گئی اور تمام نظام درست طریقے سے کام کرتے پائے گئے۔وین بیریٹ کے مطابق پائلٹ کو اس حرکت پر کسی قسم کی سزا نہیں دی گئی، تاہم اس واقعے نے غیر معمولی توجہ ضرور حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ طیارہ محفوظ طریقے سے ہینگر میں واپس پہنچ چکا ہے جبکہ پائلٹ اپنی چھٹی پر ہے۔