مسقط : سلطنتِ عمان نے اپنے لیبر قانون کے تحت ملازمین کے اوقاتِ کار سے متعلق واضح قواعد و ضوابط نافذ کر رکھے ہیں تاکہ کارکنوں کی صحت، فلاح و بہبود اور بہتر پیشہ ورانہ کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔رائل ڈیکری نمبر 53/2023 کے تحت نافذ لیبر قانون کے آرٹیکل 70 کے مطابق کسی بھی آجر کو یہ اجازت نہیں کہ وہ کسی ملازم سے یومیہ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام لے، اسی طرح ہفتہ وار مجموعی اوقاتِ کار 40 گھنٹوں سے تجاوز نہیں کر سکتے۔قانون کے مطابق ملازمین کو روزانہ کام کے دوران آرام اور کھانے کے لیے کم از کم ایک گھنٹے کا وقفہ دینا لازمی ہے، جبکہ کسی بھی کارکن سے مسلسل 6 گھنٹے سے زیادہ بغیر وقفے کے کام نہیں لیا جا سکتا۔رمضان المبارک کے دوران مسلمان ملازمین کے لیے خصوصی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس عرصے میں ان کے اوقاتِ کار کم کرکے روزانہ زیادہ سے زیادہ چھ گھنٹے اور ہفتہ وار 30 گھنٹے مقرر کیے گئے ہیں تاکہ عبادات اور روزے کی ادائیگی میں آسانی رہے۔لیبر قانون آجر پر یہ ذمہ داری بھی عائد کرتا ہے کہ وہ ادارے میں نمایاں مقام پر اوقاتِ کار کا شیڈول آویزاں کرے، جس میں روزانہ کام کے اوقات اور ہفتہ وار تعطیل کی تفصیلات واضح طور پر درج ہوں۔اس اقدام کا مقصد ملازمین کو ان کے حقوق اور ڈیوٹی کے اوقات سے باخبر رکھنا اور متعلقہ حکام کے لیے نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔