چاکلیٹ کے شوق نے خاتون کو جیل کی سلاخوں تک پہنچا دیا

Wait 5 sec.

لندن : ایک ہزار پاؤنڈ سے زائد مالیت کی لگژری چاکلیٹس چوری میں ملوث برطانوی خاتون بالآخر پکڑی گئی، گرفتاری کے وقت معصومیت سے کہا کہ مجھے کیوں پکڑ رہے ہیں؟برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں مختلف دکانوں سے قیمتی چاکلیٹس اور دیگر اشیا چرانے والی 35 سالہ خاتون کو عدالت نے 16 ہفتوں قید کی سزا سنا دی۔پولیس کے مطابق شارلٹ جونز پر پہلے بھی ناٹنگھم کے تجارتی علاقے کی متعدد دکانوں میں داخلے پر پابندی عائد تھی تاہم اس کے باوجود وہ دوبارہ چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی۔تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے معروف ہوٹل چاکلیٹ سے تقریباً 851 پاؤنڈ مالیت کی لگژری چاکلیٹس چرائیں، جبکہ بعد ازاں واٹر اسٹونز اسٹور سے بھی 156.79 پاؤنڈ مالیت کی چاکلیٹس چوری کرلیں۔پولیس نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت شارلٹ جونز نے بہت معصومیت کے ساتھ پولیس افسر سے سوال کیا کہ آپ میرے ساتھ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ جس پر اس نے جواب دیا کہ آپ پولیس کو مطلوب ہیں اسی لیے دیکھتے ہی گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے پولیس افسر سے منت سماجت بھی کی کہ اسے جانے دیا جائے کیونکہ وہ جیل نہیں جانا چاہتی، تاہم پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔بعد ازاں ناٹنگھم مجسٹریٹس کورٹ میں ملزمہ شارلٹ جونز نے جرم کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد عدالت نے اسے 16 ہفتوں قید کی سزا سنائی اور 156.79 پاؤنڈ بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ناٹنگھم شائر پولیس کے مطابق شارلٹ جونز مسلسل چوری کی وارداتوں کے باعث مقامی دکانداروں کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن چکی تھی۔ افسر کے بقول ایسی کارروائیاں کاروباری طبقے کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں اور مجرمانہ رویے کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہیں۔