سعودی عرب کا ٹریننگ ویزا دینے کا اعلان

Wait 5 sec.

جدہ(15 جولائی 2026): سعودی کابینہ نے سرکاری آمدنی کے قانون اسٹیٹ ریونیو لا اور غیر ملکیوں کے لیے نئے ٹریننگ ویزا کی منظوری دے دی۔سعودی عرب کی کابینہ نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران سرکاری آمدنی کے نئے قانون کی منظوری دی ہے اور ساتھ ہی بین الاقوامی تربیت کاروں کے لیے ایک نئے ٹریننگ ویزا کے اجرا کی توثیق کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق یہ نیا ویزا منظور شدہ ریگولیٹری انتظامات کے تحت غیر ملکیوں کو جاری کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ولی عہد نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے حالیہ ٹیلی فونک رابطے کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔کابینہ کو کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ولی عہد کے سرکاری مذاکرات کی تفصیلات سے بھی مطلع کیا گیا، جس میں دونوں ممالک نے سعودی وژن 2030 اور کینیڈا کے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے مطابق مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔کابینہ نے سعودی کینیڈین کوآرڈینیشن کونسل کے قیام، توانائی کے شعبے میں تعاون، مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں سرمایہ کاری اور مہارتوں کی ترقی کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تعریف کی۔اجلاس میں سعودی کینیڈا انویسٹمنٹ فورم کے نتائج کو بھی سراہا گیا، جس کے ذریعے مائننگ، انفراسٹرکچر، تعلیم، فنانشل سروسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرکاری اور نجی سطح پر کئی تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ہیں۔علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ نے خلیج ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر ایران کے بار بار ہونے والے حملوں کے علاوہ کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان اور اردن کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے، بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹ، اسلامی تعاون تنظیم کے چارٹر اور ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ایسے تمام اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔