سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے گیس سلینڈر دھماکے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔افسوسناک واقعہ دارالحکومت کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا جہاں گیس سلینڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد کا تعلق مانسہرہ بالاکوٹ سے ہے جب کہ ایک کا تعلق پنجاب سے ہے۔ جاں بحق پاکستانیوں میں محمد سعید، عابدحسین، عبدالرحمان ، محمد سفیر ، محمد رستم شامل ہیں۔پاکستانی سفارتخانہ جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی کیلئے سعودی حکام سے رابطے میں ہے اور ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ریاض میں قائم سفارتخانہ نے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔سعودی حکام کے مطابق گیس دھماکے کاحادثہ گزشتہ رات پیش آیا تھا۔