کوئٹہ : شعبان سے اغوا کیے گئے 4 افراد کی لاشیں برآمد ،اے ایس ایف انسپکٹر اور پولیس کانسٹیبل بھی شامل

Wait 5 sec.

کوئٹہ: شعبان سے اغوا کیے گئے 4 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں ، جس میں اے ایس ایف انسپکٹر اور پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان سے اغوا کیے گئے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد کو گزشتہ دنوں نامعلوم دہشت گردوں نے مختلف مقامات سے اغوا کیا تھا، مرنے والوں میں ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے انسپکٹر زبیر احمد، سابق کارپورل خلیل الرحمان، ایک نجی اسپتال کے سکیورٹی ملازم محمد صادق اور پولیس کانسٹیبل فریداللہ شامل ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ انسپکٹر زبیر احمد اور ان کے دوست خلیل الرحمان کو 21 جون کو اغوا کیا گیا تھا، جبکہ پولیس کانسٹیبل فریداللہ، جو ضلع زیارت کا رہائشی تھا، 25 جون کو ڈیوٹی پر جاتے ہوئے لاپتا ہوا تھا۔پولیس کے مطابق چاروں افراد کی لاشیں شعبان کے علاقے میں واقع ایک ریسٹ ہاؤس سے برآمد کی گئیں، جنہیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔