کانگریس کے لوک سبھا رکن منیش تیواری نے کہا ہے کہ ترقی ان کی ترجیح رہی ہے اور اسے ہمیشہ پارٹی سیاست سے اوپر رکھا ہے اور آگے بھی ایسا ہی کرتے رہیں گے۔ منیش تیواری نے سوشل میڈیا 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ان کے علاقے میں کیے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 24 اگست 2022 کو جب نریندر مودی نیو چنڈی گڑھ میں واقع ڈاکٹر ہومی بھابھا کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (ٹاٹا میموریل سینٹر) کے افتتاح کے لیے آئے تھے، تب وہ آنند پور صاحب سے رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ اسپتال پورے علاقے کے ہزاروں کینسر مریضوں کے لیے لائف لائن بن چکا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اسی طرح جمعہ 17 جولائی کو وزیر اعظم کے ذریعہ چنڈی گڑھ اور ان کے سابق پارلیمانی حلقہ شری آنند پور صاحب میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے افتتاح کے موقع پر بھی وہ موجود رہے، کیونکہ یہ پروجیکٹ عوام کی زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔منیش تیواری نے کہا کہ گزشتہ 45 برسوں کی سیاسی زندگی میں انہوں نے سیاست کو لگاتار ٹوٹتے اور زیادہ زہریلی ہوتے دیکھا ہے، جہاں سیاسی حریفوں کو اب دشمن کی طرح دیکھا جانے لگا ہے۔ دہلی کی سیاست آج اس صورتحال کی سب سے بڑی مثال ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ "میں آج بھی کچھ حد تک پرانے خیالات کا ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ اخلاق، پروٹوکول اور سب سے بڑھ کر ترقی کی ضروریات کو جماعتی سیاست سے اوپر رکھنا چاہیے۔ میں ایسا ہی ہوں، چاہے کوئی اس کے بارے میں کچھ بھی سوچے۔"