اتر پردیش کی بلیا پولیس نے ایک بین ریاستی گاڑی چور گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تصادم کے بعد 5 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک ملزم پولیس کی جوابی کارروائی میں زخمی ہو گیا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور معاملے میں مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے ورما نے بتایا کہ دیر رات بہریا تھانے کی پولیس کو ایک مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کے کچھ ارکان چوری کی گئی گاڑی اور دیگر سامان فروخت کرنے کی غرض سے بہریا کے راستے بہار جانے والے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی، اور کولا باجرائے کے قریب مشتبہ افراد کے گھیراؤ کی کوشش کی۔اے ایس پی سنجے ورما کے مطابق پولیس نے جب ملزمین کو گھیرا، تو ان لوگوں نے پولیس ٹیم پر جان لیوا حملہ کیا۔ اپنے دفاع میں پولیس نے کم از کم طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران ایک ملزم کے پیر پر گولی لگی، جبکہ اس کے 4 دیگر ساتھیوں کو گھیر کر موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزم نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنا نام ہیمنت سنگھ، ساکن کُڑاڑی، گڑھوار بتایا۔ جبکہ گرفتار دیگر ملزمین کی شناخت انوج اپادھیائے، دنیش سریواستو، آکاش سنگھ اور جئے کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں ملزمین نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں سمیت دیگر مقامات سے متعدد گاڑیاں چوری کی ہیں۔پولیس اب ان لوگوں کے مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر ریاستوں میں سرگرم ان کے نیٹ ورک کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے ایک غیر قانونی دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس، ایک خالی کارتوس، چوری کی گئی 11 موٹر سائیکلیں، ایک ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر چوری کے سامان برآمد کیے ہیں۔ تصادم میں زخمی ہونے والے ہیمنت سنگھ کو فوری علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بھیجا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے سبھی ملزمین کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔