دہلی میں گرمی اور حبس سے برا حال، بہار سمیت 15 ریاستوں میں بارش کا الرٹ، پہاڑی علاقوں میں بھی بدلے گا موسم

Wait 5 sec.

ملک کی مختلف ریاستوں میں مانسون کی رفتار فی الحال دھیمی پڑ گئی ہے۔ اس کی وجہ سے گرمی اور حبس بڑھ گئی ہے اور لوگوں کا برا حال ہے۔ راجدھانی دہلی میں بدھ کے روز درجۂ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سیلسیس اور کم از کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ آسمان میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے، لیکن 16 سے 20 جولائی تک حبس بھری گرمی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق شمالی ہندوستان میں 15 سے 20 جولائی کے درمیان موسم تبدیل ہوگا۔ جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ہلکی بارش ہونے کے آثار ہیں۔ اس دوران جموں و کشمیر اور قریبی علاقوں میں 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اتراکھنڈ میں بھی آندھی، بجلی گرنے اور شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 15 سے 20 جولائی تک مغربی اترپردیش میں رم جھم بارش کی امید ہے۔ وہیں 17 سے 20 جولائی کے درمیان مشرقی اتر پردیش اور 19 سے 20 جولائی کے درمیان مغربی اترپردیش میں کئی مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب اور دہلی میں بھی 19 جولائی سے مانسون دوبارہ فعال ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اتر پردیش کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ غازی آباد اور متھرا-ورنداون میں صرف 0.5-0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ حالانکہ مشرقی اتر پردیش کے گورکھپور میں نسبتاً بہتر بارش دیکھنے کو ملی ہے، جہاں 11.7 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ وہیں گورکھپور میں واقع کرشی وگیان کیندر (کے وی کے) میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ وسطی ہندوستان میں مغربی اور مشرقی مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں 15 سے 20 جولائی تک بارش کا دور جاری رہے گا۔ چھتیس گڑھ میں 18 سے 20 جولائی کے دوران شدید بارش کا دور جاری رہے گا۔ چھتیس گڑھ میں 18 سے 20 جولائی کے دوران زوردار بارش اور کچھ مقامات پر شدید بارش کی امیدیں ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 16 سے 18 جولائی کے درمیان گرج چمک، بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔مشرقی ہندوستان میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال اور سکم میں مانسون فعال رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال اور سکم میں 19 سے 20 جولائی کو شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اڈیشہ میں بھی کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔ جب کہ بہار اور جھارکھنڈ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ 15 سے 17 جولائی تک اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگا لینڈ، منی پور، میزورم اور تری پورہ، میں 20 جولائی تک بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گوا، گجرات، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور سوراشٹر-کچھ میں بھی 20 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وہیں جنوبی ہندوستان میں کیرالہ، کرناٹک، تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو، رائلسیما اور لکشدیپ میں گرج چمک، تیز ہوائیں اور بارش کی پیش گوئی ہے۔