اونٹاریو (17 جولائی 2026): کینیڈین پولیس نے شہریوں سے حیران کن اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی دھماکا خیز مواد تھانے نہ لائے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اونٹاریو پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر انہیں کہیں بھی اور کسی بھی قسم کا دھماکا خیز مواد یا پرانا فوجی اسلحہ ملے تو اسے خود اٹھا کر پولیس اسٹیشن نہ لائیں۔رپورٹ کے مطابق یہ ہدایت اس وقت جاری کی گئیں، جب ایک شہری نے دوسری جنگِ عظیم کا ایک بغیر پھٹا دستی بم اوٹاوا میں اونٹاریو پروونشل پولیس کے ڈٹیچمنٹ میں جمع کرایا۔اس کے بعد حکام میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق تشویش پھیل گئی اور او پی پی کے مشرقی ریجن کو سوشل میڈیا پر بیان جاری کرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس طرح کی اشیا کو خود منتقل کرنا نہایت خطرناک ہو سکتا ہے اور اس سے لانے والے شخص سمیت آس پاس موجود افراد کی جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کہیں دھماکا خیز مواد یا مشتبہ فوجی سامان ملے تو اسے ہاتھ لگانے کے بجائے وہیں چھوڑ دیں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر بھیجے گی جو محفوظ طریقے سے اس مواد کو ناکارہ بنائے گی یا تلف کر دے گی۔