آن لائن حج فارم جمع کرنے کی مدت میں 24 جولائی تک توسیع

Wait 5 sec.

نئی دہلی: مختلف ریاستی حج کمیٹیوں، بطور خاص ایسی ریاستی حج کمیٹیاں جہاں حج درخواستوں کی تعداد ریاست کو تفویض حج کوٹے سے کم ہیں، ان کے مطالبے کے پیش نظر حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے سرکلر کے ذریعے حج بیت اللہ 2027 کے لیے آن لائن درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں آئندہ 24جولائی تک کے لیے توسیع کردی ہے۔ اب حج 2027 میں فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے کے خواہش مند افراد 24 جولائی رات 11 بج کر 59 منٹ تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔حج درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں نے اپنا دفتری بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ریاست دہلی کے عازمین حج کی آن لائن حج درخواست بھرنے اور جمع کرنے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا دفتر پیر سے آخری تاریخ 24 جولائی تک صبح 10 بجے سے شام کے 5 بجے تک کھلا رہے گا اور حج کمیٹی کے اسٹاف عازمین کی آن لائن درخواست فارم بھرنے اور جمع کرانے کی خدمات میں مسلسل مصروف رہیں گے۔‘‘حج 2027 کے سلسلے میں مزید تفصیلات کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے واضح کیا کہ حج درخواست فارم جمع کرانے کی مدت میں اس کے بعد مزید کسی توسیع کی گنجائش نہیں ہوگی اور 30 جولائی کو آن لائن قرعہ اندازی کے بعد حج بیت اللہ 2027 کے لیے منتخب ہونے والے خوش نصیب افراد کو حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے بذریعہ ٹیکسٹ میسیج اطلاع فراہم کیے جانے کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے بھی مطلع کر دیا جائے گا۔ انہوں  نے یہ بھی بتایا کہ 30  جولائی کو قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے افراد کو آئندہ ماہ 10 اگست تک حج اخراجات کی پہلی قسط 152300 روپے جمع کرانا لازمی ہوگا۔واضح ہو کہ حکومت سعودی عربیہ کی ہدایات اور حجاج کے لیے حصول خدمات کی مدت میں لازمی تحدید کے پیش نظر حج 2027 کے لیے مشاعر مقدسہ کی خدمات کے عوض سعودی حکومت کے حق میں معاوضے کی  رقم کی پیشگی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے پہلی قسط کی پیشگی رقم 10 اگست تک جمع کرانا ضروری ہے۔