جموں و کشمیر میں شدید بارش سے تباہی، پونچھ میں اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 10 افراد جاں بحق

Wait 5 sec.

جموں و کشمیر میں مسلسل اور شدید بارش کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے۔ ضلع پونچھ میں فلیش فلڈ (اچانک آنے والے سیلاب) اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ برقرار ہے اور امدادی و بچاؤ کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔سب سے زیادہ نقصان پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ہوا، جہاں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت مجموعی طور پر 9 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس کے علاوہ حویلی علاقے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ متعدد سڑکیں زیرِ آب آ گئی ہیں، جس کے باعث لوگوں کو نقل و حمل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی انتظامیہ کے مطابق پونچھ کے مختلف علاقوں سے کچھ افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مسلسل کام کر رہی ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ عارضی امدادی مراکز میں متاثرین کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور مقامی انتظامیہ مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ زخمی افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے اور بحالی کے اقدامات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔میزورم میں موسلا دھار بارش سے تباہی، حکومت نے سیاحوں سے فی الحال سفر مؤخر کرنے کی اپیل کیدوسری جانب ہماچل پردیش کے ضلع چمبہ میں بھی شدید بارش کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بھٹیات علاقے میں لاہڑو-سِنہوتا سڑک پر پہاڑ کا ایک بڑا حصہ گرنے سے آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت سڑک پر کوئی گاڑی یا راہگیر موجود نہیں تھا، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ سڑک دھرم شالہ، چمبہ اور ڈلہوزی کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔وائناڈ لینڈ سلائیڈنگ میں ہلاکتوں پر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کا اظہارِ افسوس، بچاؤ کارروائیاں تیز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صورت حال کا جائزہ لیا اور ہر ممکن مرکزی امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں آئندہ چند روز تک شدید بارش، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔