میزورم میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش نے کئی اضلاع میں شدید تباہی مچا دی ہے۔ مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ لالدوہوما کی قیادت والی ریاستی حکومت نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ موسم بہتر ہونے تک میزورم کا سفر مؤخر کر دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔حکام کے مطابق بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل جنوبی ضلع لونگلئی کے قصبے تلابونگ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دریائے خواوتھلانگتوئی پوئی میں طغیانی کے باعث کم از کم ایک سو خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ مسلسل بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع لونگلئی کے بوالتے گاؤں میں تقریباً دو سو مسافر پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ لونگتلائی اور سیاہا اضلاع کو ملانے والی قومی شاہراہ نمبر چون چوّن پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت معطل ہے۔ سڑک سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث بار بار مٹی اور چٹانیں گرنے سے بحالی کے کام میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔ریاست کے محکمۂ سیاحت نے ایک مشاورتی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریاست سے باہر کے سیاحوں سے کہا ہے کہ موسم معمول پر آنے تک میزورم کا سفر نہ کریں۔ جن افراد نے پہلے ہی اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، ان سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنا پروگرام فی الحال ملتوی کر دیں کیونکہ خراب موسمی حالات مزید رکاوٹیں پیدا کر سکتے ہیں اور مسافروں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔حکام کے مطابق حالیہ دنوں کی مسلسل بارش کے نتیجے میں کئی دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ دس جولائی کی رات کچھ دیر کے لیے بارش رکنے پر سڑکوں سے جزوی طور پر ملبہ ہٹا کر ٹریفک بحال کی گئی تھی، لیکن بعد میں دوبارہ بارش شروع ہونے سے راستے ایک بار پھر بند ہو گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے ریاستی دارالحکومت آئزول کے جنوبی مضافاتی علاقے نگائیزیل میں ہونے والی بڑی لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں گرنے کے واقعے کا ملبہ اب تک مکمل طور پر نہیں ہٹایا جا سکا، جس کے باعث آئزول، تھینزاول اور لونگلیئی کو ملانے والی اہم شاہراہ بدستور بند ہے۔ ادھر ضلع سرچھپ میں دریائے مات کا پانی متعدد زرعی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کے آئزول مرکز کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ چونتیس ملی میٹر بارش سرچھپ میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ خواوجاول میں سترہ اعشاریہ پانچ، سیاہا میں سولہ اعشاریہ پانچ، لونگلےئی میں چودہ اور آئزول میں آٹھ اعشاریہ چار ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ حکام نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے اور صرف انتہائی ضرورت کی صورت میں سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔