رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دفتر کو منہدم کیا جا رہا ہے۔ اس 5 منزلہ دفتر کو گرانے کے لیے 3 بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ دفتر جنوبی 24 پرگنہ کے امتالا-باروئی پور روڈ پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے اس عمارت کو توڑنے کے لیے پہلے بھی نوٹس جاری کیے تھے، لیکن اس پر ابھیشیک بنرجی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اس کے بعد ہفتہ (18 جولائی) کو انتظامیہ نے اس عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔#WATCH | West Bengal: An anti-encroachment drive is being carried out amidst security arrangements around MP Abhishek Banerjee's closed office in Amtala, South 24 Parganas. pic.twitter.com/wFgKgqkRYp— ANI (@ANI) July 18, 2026ترنمول کانگریس کے نیشنل جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے ایم پی دفتر کو غیر قانونی تعمیر کے الزام میں مسمار کرنے کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سیاسی تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ اس عمارت کے سامنے جیسے ہی صبح سویرے بلڈوزر پہنچا، مقامی لوگوں کا ہجوم وہاں جمع ہو گیا۔ اس دوران بی جے پی کارکنان اور ٹی ایم سی کارکنان بھی وہاں جمع ہو گئے۔ صورتحال کشیدہ ہوتے دیکھ کر انتظامیہ کو مزید سیکورٹی اہلکار بلانے پڑے۔ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق سیکورٹی کے نقطہ نظر سے یہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل انتظامیہ نے ایک نوٹس چسپاں کر الزام عائد کیا تھا کہ یہ عمارت بغیر منظوری کے تعمیر کی گئی تھی۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سے یہ دفتر بند تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ یہ دفتر غیر قانونی طور پر بنایا گیا تھا۔ یہ دفتر کسی بھی دستاویز کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا۔ دفتر کی تعمیر سے متعلق کوئی بھی قانونی دستاویز پیش نہیں کی جا سکی۔مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کے بعد سے یہ دفتر بند پڑا ہوا تھا۔ ڈائمنڈ ہاربر میں جب بھی کوئی میٹنگ ہوتی تھی وہ اسی دفتر میں ہوتی تھی۔ اس کا اہتمام ترنمول کانگریس کی طرف سے کیا جاتا تھا۔ مغربی بنگال میں سوویندو ادھیکاری کی حکومت گزشتہ حکومت میں بنی غیر قانونی عمارتوں اور سرکاری زمینوں پر ہوئے ناجائز قبضوں پر بلڈوزر چلا رہی ہے۔ بلڈوزر کی یہ کارروائی اس وقت ہو رہی ہے جب کولکاتہ میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے ابھیشیک بنرجی، ان کے خاندان کے اراکین اور ان کی کمپنی ’لیپس اینڈ باؤنڈز‘ سے جڑے ناموں پر درج 17 جائیدادوں کو منہدم کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ جن جائیدادوں کو نوٹس بھیجا گیا ہے، ان میں ہریش مکھرجی روڈ پر واقع بنرجی کا گھر ’شانتی نیکیتن‘ بھی شامل ہے۔