بھارت میں پلاسٹک کے نوٹ متعارف کرانے کی تیاری

Wait 5 sec.

نئی دہلی : بھارت میں نئے کرنسی نوٹوں میں بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے، ریزرو بینک (آر بی آئی) نے پلاسٹک یا پولیمر سے بنے نوٹ متعارف کرانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے۔بھارت میں روایتی کاغذی کرنسی کی جگہ مرحلہ وار پلاسٹک (پولیمر) نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 10 اور 20 روپے کے پولیمر نوٹ جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد ملک میں دہائیوں سے رائج کاغذی کرنسی کے نظام میں ایک بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا کے لیے نوٹ چھاپنے والی کمپنی بھارتیہ ریزرو بینک نوٹ مُدرا پرائیویٹ لمیٹڈ نے ملک میں پولیمر سبسٹریٹ شیٹس کی مقامی تیاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جاری کر دیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ایسے شراکت دار کی تلاش ہے جو سیکیورٹی گریڈ پولیمر سبسٹریٹ کی تیاری میں مہارت رکھتا ہو، یہی خصوصی پلاسٹک وہ بنیادی مواد ہے جس پر کرنسی نوٹ چھاپے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پلاسٹک کے نوٹ بنانے کا یہ اقدام صرف خام مال درآمد کرنے تک محدود نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور باہمی تعاون کے ذریعے بھارت میں پولیمر نوٹوں کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ اظہارِ دلچسپی کسی خریداری کا آرڈر نہیں بلکہ موزوں ٹیکنالوجی اور صنعتی شراکت دار کی تلاش کا ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے، جس کے بعد تجارتی سطح پر پیداوار سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق پولیمر نوٹ کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور دیرپا ہوتے ہیں، یہ پانی، نمی اور گردوغبار سے نسبتاً محفوظ رہتے ہیں اور عام استعمال میں جلد خراب یا پھٹتے بھی نہیں، جس کے باعث ان کی عمر کاغذی نوٹوں سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔دنیا کے 60 سے زائد ممالک پہلے ہی پولیمر کرنسی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بھارت بھی اسی طرز کی جدید اور پائیدار کرنسی متعارف کرانے کی سمت میں پیش رفت کر رہا ہے۔